لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
پاک چین تعلقات اسٹریٹجک تعاون کے نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں، فہیم الرحمن سہگل

مزید خبریں
لاہور۔18جون (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر لاہور میں تعینات چین کے قونصل جنرل سن یان مہمانِ خصوصی تھے۔تقریب میں صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل، سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، نائب صدر خرم لودھی، ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور کنوینر عامر علی، ای سی ممبران فردوس نثار، عبدالمجید، محسن بشیر، کرامت علی اعوان، رانا نثار، سید سلمان علی، رانا شعبان اختر اور ندیم انصاری سمیت کاروباری برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔چینی قونصل جنرل سن یان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ ترقی کے اہداف پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 75 برسوں میں پاک چین دوستی مزید مضبوط ہوئی ہے اور بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں اس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان ایک موثر پل کا کردار ادا کر رہا ہے اور تجارتی روابط، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری ماحول کی بہتری کے لیے اہم خدمات انجام دے رہا ہے۔صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے اپنے خطاب میں کہا کہ 2026پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کا سال ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون کا اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا سب سے بڑا اقتصادی شراکت دار اور قابل اعتماد دوست ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون تجارت کے علاوہ دفاع، انفراسٹرکچر، توانائی، زراعت، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں تک پھیلا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) نے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، صنعتی شعبے کے فروغ اور علاقائی روابط کے استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ فہیم الرحمن سہگل نے حکومتوں، کاروباری اداروں اور عوامی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور کاروباری مواقع کو مزید وسعت دی جا سکے۔چینی قونصل جنرل سن یان نے لاہور چیمبر کی جانب سے تجارتی وفود، بزنس میچ میکنگ پروگرامز، سیمینارز اور پالیسی مذاکرات کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے نے پنجاب میں چینی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار اور سرمایہ کار دوست ماحول کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے لاہور چیمبر کی جانب سے چینی زبان کے تربیتی پروگراموں کے آغاز کو بھی ایک قابل ستائش اقدام قرار دیا اور کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی اور ابلاغی فاصلے کم کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 75 برسوں کے دوران پاک چین دوستی ہر آزمائش میں مضبوط رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت بڑی سرمایہ کاری ہوئی، لاکھوں روزگار کے مواقع پیدا ہوئے اور پاکستان کے توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں کی ترقی میں نمایاں پیش رفت ہوئی۔








