قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے اقوامِ متحدہ کے مقاصد کو آگے بڑھانے اور ایک زیادہ پُرامن، منصفانہ اور جامع دنیا کے قیام کیلئے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کے جائز حقوق کا تحفظ، نیز اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور …
پرامن اور مستحکم دنیا کی تعمیر کیلئے اجتماعی اقدامات، باہمی احترام اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری ناگزیر ہے،قائم مقام صدرسیدیوسف رضاگیلانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے اقوامِ متحدہ کے مقاصد کو آگے بڑھانے اور ایک زیادہ پُرامن، منصفانہ اور جامع دنیا کے قیام کیلئے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کے جائز حقوق کا تحفظ، نیز اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کے مطابق ان دیرینہ تنازعات کا منصفانہ اور پُرامن حل پائیدار عالمی امن کے لیے ناگزیر ہے۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے اقوامِ متحدہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں عالمی امن، انسانی وقار، انصاف اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کثیرالجہتی نظام اور اقوامِ متحدہ کے منشور کے اصولوں کے ساتھ پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔قائم مقام صدر نے اس امر پر زور دیا کہ اقوامِ متحدہ کو پیچیدہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے، انسانی حقوق کے تحفظ اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے مزید مؤثر کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے عالمی سطح پر اعتماد کے فروغ اور پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے مکالمے، سفارت کاری، بین الاقوامی قانون کے احترام اور اقوامِ متحدہ کے منشور پر مستقل عمل درآمد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے اقوامِ متحدہ کے امن مشنز، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی دیرینہ خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے مقاصد کو آگے بڑھانے اور ایک زیادہ پُرامن، منصفانہ اور جامع دنیا کے قیام کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔ قائم مقام صدر نے زور دیا کہ بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کے جائز حقوق کا تحفظ، نیز اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کے مطابق ان دیرینہ تنازعات کا منصفانہ اور پُرامن حل پائیدار عالمی امن کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر کثیرالجہتی تعاون کو مضبوط بنائے اور تنازعات کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کو فروغ دے۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک زیادہ پُرامن، منصفانہ، مساوی اور مستحکم دنیا کی تعمیر کے لیے اجتماعی اقدامات، باہمی احترام اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری ناگزیر ہے۔








