پشاور۔ 30 نومبر (اے پی پی):اسسٹنٹ ٹو کمشنر پولٹیکل رحمان مروت نے بحالی مرکز ڈاکٹر خواجہ یونس ہسپتال کا دورہ کیا۔ کمشنر پشاور ڈویژن کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق نشے سے پاک پشاور مہم کےلیے ہفتہ وار چھٹی کے روز بھی ڈویژنل انتظامیہ متحرک ہے۔ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی ہدایات پر اسسٹنٹ ٹو کمشنر پولٹیکل رحمان مروت نے بحالی مرکز ڈاکٹر خواجہ یونس ہسپتال کا دورہ کیا۔
انہوں نے مرکز میں زیر علاج نشے کے عادی افراد کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور زیر علاج نشے کے عادی افراد سے ان کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔