فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) نے خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں تقریباً 1600 کنال اراضی پر ہاؤسنگ اور اپارٹمنٹ منصوبے کی ترقی کے لئے میسرز زی برادرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور میسرز رویا ڈویلپرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ پر مشتمل کنسورشیم کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے
پشاور، چارسدہ کے وفاقی ملازمین کیلئے 1600 کنال پر ہاؤسنگ منصوبہ، ایف جی ای ایچ اے کا نجی شعبے کے کنسورشیم سے معاہدہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) نے خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں تقریباً 1600 کنال اراضی پر ہاؤسنگ اور اپارٹمنٹ منصوبے کی ترقی کے لئے میسرز زی برادرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور میسرز رویا ڈویلپرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ پر مشتمل کنسورشیم کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے۔مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب جمعرات کو ایف جی ای ایچ اے کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی۔ ایف جی ای ایچ اے کی جانب سے ڈائریکٹر جوائنٹ وینچر پراجیکٹس فیض عمر سیال، میسرز زی برادرز کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر زاہد حسین اور میسرز رویا ڈویلپرز کی جانب سے ڈائریکٹر محمد یوسف خان نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے کیپٹن (ر) ظفر اقبال، اتھارٹی کے اعلیٰ افسران اور کنسورشیم کے نمائندگان نے شرکت کی۔مجوزہ منصوبہ ایم ون پشاور، اسلام آباد موٹروے پر چارسدہ انٹرچینج/نصتہ انٹرچینج سے تقریباً چھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہوگا جبکہ پشاور شہر سے تقریباً 15 منٹ کی مسافت پر ہے۔ منصوبے کو مین چارسدہ، نوشہرہ روڈ سے براہ راست رسائی حاصل ہوگی اور یہ کے پی ایچ اے میگا سٹی نوشہرہ سے متصل ہے۔پریس ریلیز کے مطابق منصوبہ ایف جی ای ایچ اے (مشترکہ منصوبہ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ) قواعد 2025 کے تحت زمین کی شراکت کے ماڈل پر مبنی ہوگا، جس کا مقصد نجی شعبے کے تعاون سے وفاقی سرکاری ملازمین کو معیاری اور مناسب رہائشی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ منصوبے سے ایف جی ای ایچ اے کے تقریباً 700 سے 800 رجسٹرڈ ارکان کو رہائشی سہولیات فراہم کیے جانے کی توقع ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے کہا کہ اتھارٹی وفاقی سرکاری ملازمین کو معیاری، مناسب اور جدید رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور زمین کی شراکت کے ماڈل کے تحت منصوبوں کو آگے بڑھانا رہائشی ضروریات پوری کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام مراحل میں شفافیت، میرٹ، معیار اور قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے جبکہ بروقت پیش رفت کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور فریقین کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رکھا جائے۔کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے کہا کہ جدید ہاؤسنگ منصوبوں میں بنیادی سہولیات، بہتر شہری منصوبہ بندی، ماحولیاتی پہلوؤں اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاری ہاؤسنگ منصوبوں میں الاٹیز کو مقررہ ٹائم لائن سے پہلے قبضہ دینے کا عزم کر رکھا ہے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مارگلہ آرچرڈ بلاک اے کے الاٹیز کو پلاٹس کا قبضہ جولائی 2027 میں فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ سیکٹر ایف 14/15 میں بھی الاٹیز کو مرحلہ وار قبضہ فراہم کیا جائے گا۔ سکائی گارڈن کے بلاک اے، بلاک بی اور بلاک ڈی کے الاٹیز کو 31 دسمبر 2026 تک پلاٹس کا قبضہ فراہم کرنے کا ہدف مقرر ہے جبکہ 80 پلاٹس کا قبضہ پہلے ہی الاٹیز کو فراہم کیا جا چکا ہے۔ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ مقررہ ٹائم لائن کے مطابق بلکہ ممکنہ طور پر اس سے قبل ترقیاتی کام مکمل کرکے الاٹیز کو قبضہ فراہم کرنا ایف جی ای ایچ اے کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ جاری منصوبوں کی مسلسل نگرانی اور ترقیاتی کاموں کی رفتار برقرار رکھتے ہوئے مقررہ اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نئے منصوبوں کے ساتھ جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل بھی اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ اس وقت ایف جی ای ایچ اے کی خصوصی توجہ سیکٹر ایف 14/15، گرین انکلیو ون اور لائف اسٹائل ریزیڈنسی اپارٹمنٹس جی 13 اسلام آباد پر مرکوز ہے۔کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے کہا کہ پشاور، چارسدہ کا مجوزہ منصوبہ جدید، منظم اور معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ علاقے میں بنیادی ڈھانچے، روزگار اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگا۔واضح رہے کہ منصوبے پر مزید پیش رفت تمام ضروری پیشگی شرائط کی تکمیل اور ایف جی ای ایچ اے (مشترکہ منصوبہ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ) قواعد 2025 کی قابل اطلاق دفعات کے مطابق ہوگی







