پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر پر خود کش حملہ ، 3 اہلکار شہید ، جوابی کارروائی میں تینوں حملہ آور ہلاک

پشاور۔ 24 نومبر (اے پی پی):پشاور کینٹ میں واقع فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرکے گیٹ پر خود کش حملہ کے نتیجے میں تین اہلکار شہید اوردو زخمی ہو گئے۔ سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کے مطابق پولیس ، فیڈرل کانسٹیبلری اور پاک فوج کے کمانڈوز نے انتہائی بہادری کا مظاہرہ اور بروقت رسپانس کرتے ہوئے 2 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا،جائے وقوعہ میں کلیئرنس آپر یشن جاری …

پشاور۔ 24 نومبر (اے پی پی):پشاور کینٹ میں واقع فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرکے گیٹ پر خود کش حملہ کے نتیجے میں تین اہلکار شہید اوردو زخمی ہو گئے۔ سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کے مطابق پولیس ، فیڈرل کانسٹیبلری اور پاک فوج کے کمانڈوز نے انتہائی بہادری کا مظاہرہ اور بروقت رسپانس کرتے ہوئے 2 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا،جائے وقوعہ میں کلیئرنس آپر یشن جاری ہے۔

سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید نے کہا کہ سنہری مسجد روڈ پر فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈ کوارٹر پر حملے کی وجہ سے صدر روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، دھماکہ صبح 8 بجکر 10 منٹ پر ہوا۔ خوکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا، دھماکہ اس قدر زور دار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ خود کش دھماکہ کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں جبکہ روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔

علاقے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور مزید نفری موقع پر پہنچ گئی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ ریسکیو ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئی ہیں۔ پشاورکینٹ مرکزی سنہری روڈ اور ایف سی روڈ کو دونوں اطراف سے بند کردیا گیا ہے ایف سی ہیڈکوارٹر کو کلیئر کرنے تک صدر روڈ پر ٹریفک کی روانی معطل رہے گی، اس دوران بی آر ٹی سروس بھی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے، جبکہ شہریوں سے بھی سکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر صدر پشاور میں دو خودکش دھماکے ہوئے، ایک دھماکا مین گیٹ پر اور دوسرا گیٹ کے اندرموٹر سائیکل سٹینڈ پر ہوا ۔ آئی جی نے بتایا کہ دو حملہ آور فائرنگ کے تبادلے میں مارے جا چکے ہیں، پولیس دھماکے کی جگہ پر موجود ہے اور کلیئرنس آپریش جاری ہے ۔ سی سی پی او نے بتایا کہ 3 خودکش حملہ آوروں نے فیڈرل کانسٹیبلری پر حملہ کیا،

ایک خودکش حملہ آور نے خود کو مرکزی گیٹ پر اڑایا جبکہ دو خودکش حملہ آور فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر کے اندر داخل ہوئے۔سی سی پی او پشاور میاں سعید نے بتایا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کے اہلکاروں نے دونوں حملہ آوروں پر فائرنگ کی، تینوں خودکش حملہ آور مارے گئے ہیں، فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں نے بہادری سے خودکش حملے کو ناکام بنایا۔

ڈپٹی کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری جاوید اقبال نے بتایا کہ تینوں خودکش حملہ آور مارے گئے ہیں، فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں نے بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا، خودکش حملے میں فیڈرل کانسٹیبلری کے 3 اہلکار شہید ہوئے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق حملے میں 5 افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، حملے میں 2 اہلکار اور 3 شہری زخمی ہوئےہیں، تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ان کی حالت تسلی بخش ہے۔ڈپٹی کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

مزید خبریں