پشاور کے مختلف مقامات پر پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن، ماسٹر ہینڈلر گرفتار

152
Professional beggars

پشاور۔ 24 جنوری (اے پی پی):ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شاہد اللہ نے چائلڈ پروٹیکشن آفیسر حفیظ وزیر اور سوشل ویلفیئر ٹیم پشاور کے ہمراہ رنگ روڈ پر مختلف مقامات پر پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔

ضلعی انتظامیہ پشاور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کریک ڈاؤن میں 15 پیشہ ور بچوں کو بھیک مانگتے ہوئے پکڑا گیا جن میں سے 10 کے خاندانوں کی شناخت کی گئی اور ان کو سخت وارننگ دینے کے بعد بچے ان کے حوالے کر دیئے گئے جبکہ 5 بچوں کو فیملی کی معلومات اور مناسب پتہ فراہم نہیں کرنے پرزمونگ کور منتقل کر دیا گیا ہے ۔

انہوں نے ایک ماسٹر ہینڈلر (رکشہ ڈرائیور) کو موقع پر گرفتار کر لیا جو بھیک مانگنے والے بچوں کے پورے نیٹ ورک کو چلا رہا تھا۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریسٹورنٹس کے منیجرز کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے ریستوران کے سامنے بچوں کو بھیک مانگنے کی اجازت نہ دیں اور بھکاریوں کے ہینڈلرز کی نشاندہی میں ضلعی انتظامیہ پشاور کے ساتھ تعاون کریں۔ ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر نے کہا کہ پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔