پمز اوور سائٹ کمیٹی کا اجلاس، 15 اکتوبر کے بعد مرتب کیے گئے عملی نکات پر تبادلۂ خیال کیا گیا

وزیراعظم پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں پمز کی بحالی اور طبی خدمات کی بہتری کے لیے قائم اوور سائٹ کمیٹی کا اجلاس جنرل ڈاکٹر اظہر کیانی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں 15 اکتوبر کے اجلاس کے بعد مرتب کیے گئے تمام عملی نکات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ پمز میں جاری بحالی، تعمیراتی اور انتظامی امور کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ضرورت پر زور …

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں پمز کی بحالی اور طبی خدمات کی بہتری کے لیے قائم اوور سائٹ کمیٹی کا اجلاس جنرل ڈاکٹر اظہر کیانی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں 15 اکتوبر کے اجلاس کے بعد مرتب کیے گئے تمام عملی نکات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ پمز میں جاری بحالی، تعمیراتی اور انتظامی امور کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ مریضوں کو بہتر اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔نئے ایمرجنسی بلاک کی تکمیل اور اسے فعال بنانے کے لیے ضروری اقدامات تیز کرنے پر زور دیا گیا تاکہ اسے جلد از جلد مریضوں کے لیے کھولا جا سکے۔

اس سلسلے میں سابقہ فلٹر ایمرجنسی اور مرکزی ایمرجنسی سے طبی آلات کی منتقلی، عملے کی تیاری اور دیگر ضروری انتظامات ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے پر گفتگو ہوئی۔ ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل عملے کی روزانہ مشقی سرگرمیوں اور ان کی ہفتہ وار پیش رفت کے جائزے پر بھی زور دیا گیا۔پمز کے تمام متعلقہ شعبوں میں تعمیراتی کاموں کے جائزے کے لیے پی آئی ڈی ایل ٹیم سے رابطے اور 21 اکتوبر 2026 تک جائزہ رپورٹس کے حصول پر غور کیا گیا۔ ہیٹنگ، وینٹی لیشن اور ایئر کنڈیشننگ (HVAC) کے کاموں کی پیش رفت اور یکم دسمبر 2026 کی مقررہ مدت بھی زیرِ بحث آئی۔

تمام شعبوں میں وینٹی لیٹرز کی فعالیت جانچنے اور ضرورت کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر ان کی مرمت، دیکھ بھال یا تبدیلی کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔عملے کی شناخت اور انتظامی نظم بہتر بنانے کے لیے دورانِ ڈیوٹی سرکاری شناختی کارڈ آویزاں کرنے کی فوری اور لازمی پابندی پر زور دیا گیا۔ اسسٹنٹ پروفیسرز، سینئر رجسٹرارز، میڈیکل افسران، نرسنگ و پیرامیڈیکل عملے اور انٹرنیز کے لیے سکربز کی رنگوں پر مبنی یکساں شناختی سکیم تیار کرنے اور نافذ کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔پمز کی تنظیمِ نو اور بحالی کے منصوبے کے تحت تمام شعبوں کی جانب سے طبی آلات اور تعمیراتی کاموں کی ضروریات ترجیحی بنیادوں پر جمع کرانے کا معاملہ بھی زیرِ غور آیا۔

نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (NITB) کے ذریعے پمز کارڈیک سینٹر میں ’’ایک مریض، ایک شناختی نمبر‘‘ کے پائلٹ منصوبے پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، جس کے نفاذ کا ہدف یکم نومبر 2026 ہے۔اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالق، پروفیسر ڈاکٹر بریگیڈیئر عظمت حیات، ڈاکٹر ارم نوید، پروفیسر ڈاکٹر نزہت یاسمین اور ڈاکٹر شمائلہ نعیم نے شرکت کی۔اجلاس میں متعلقہ شعبوں کے مؤثر باہمی رابطے، ذمہ داریوں کی بروقت ادائیگی اور مقررہ اہداف کے مطابق پیش رفت کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا تاکہ بحالی کے اقدامات کے ثمرات جلد از جلد مریضوں تک پہنچ سکیں۔