وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق پنجاب حکومت کے انقلابی اقدام ”ای بز پنجاب پورٹل“ کے ذریعے موصول ہونے والی ایف ڈی اے سے متعلق مجموعی طور پر 526 درخواستوں کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ 36 درخواستیں قواعد و ضوابط، متعلقہ پالیسی یا طے شدہ معیار پر پورا نہ اترنے کے باعث منسوخ کی گئی ہیں
پنجاب حکومت کے انقلابی اقدام ”ای بز پنجاب پورٹل“ کے ذریعے 526 درخواستوں کی منظوری دی جا چکی ہے، قیصرعباس رند

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 18 ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق پنجاب حکومت کے انقلابی اقدام ”ای بز پنجاب پورٹل“ کے ذریعے موصول ہونے والی ایف ڈی اے سے متعلق مجموعی طور پر 526 درخواستوں کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ 36 درخواستیں قواعد و ضوابط، متعلقہ پالیسی یا طے شدہ معیار پر پورا نہ اترنے کے باعث منسوخ کی گئی ہیں۔ کاروبار کرنا آسان اور محکمانہ سہولیات کاروباری افراد کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لئے ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے ’’ ای بز پنجاب‘‘ پورٹل پر عملدرآمد کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ای بز پنجاب پورٹل کے ذریعے موصول ہونے والی ایف ڈی اے سے متعلق درخواستوں کی پیش رفت، کارروائی اور نمٹانے کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے کی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے پورٹل پر موصولہ درخواستوں کی نوعیت اور ان پر محکمانہ رسپانس کو جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ ای بز پنجاب پورٹل پر ایف ڈی اے سے متعلق کوئی درخواست زیرِ التواء نہیں ہونی چاہیے اور تمام متعلقہ افسران و اہلکار درخواستوں کی مؤثر مانیٹرنگ کے ذریعے مقررہ مدت میں کارروائی مکمل کریں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پورٹل کے ذریعے کاروباری افراد اور شہریوں کو تمام ممکنہ محکمانہ سہولیات، ضروری معلومات اور مکمل رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ کاروباری سرگرمیوں سے متعلق امور کو آسان، شفاف اور تیز رفتار بنایا جا سکے۔
قیصر عباس رند نے واضح کیا کہ کاروباری افراد کو محکمانہ سہولیات کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، درخواست گزاروں کو ان کی درخواست پر ہونے والی محکمانہ کارروائی اور پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھا جائے تاکہ انہیں اپنی درخواست کی صورتحال معلوم کرنے کے لیے غیر ضروری طور پر دفاتر کے چکر نہ لگانا پڑیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ای بز پنجاب پورٹل پر موصول ہونے والی درخواستوں کی باقاعدگی سے نگرانی کریں اور جہاں کسی درخواست میں قواعد و ضوابط یا مطلوبہ دستاویزات سے متعلق کمی ہو، وہاں درخواست گزار کو بروقت آگاہ کرکے ممکنہ حد تک رہنمائی فراہم کی جائے۔اے ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ ”آپ کا کاروبار، آپ کی سہولت، آپ کی دہلیز پر“ حکومت پنجاب کے انقلابی اقدام کا بنیادی تصور ہے اور اس کی کامیابی کے لیے ادارہ جاتی سطح پر مؤثر اقدامات اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای بز پنجاب پورٹل کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، سرکاری خدمات تک آسان رسائی اور شہریوں کو شفاف و بروقت محکمانہ سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم اقدام ہے، جس سے کاروباری افراد کو سہولت ملنے کے ساتھ ساتھ سرکاری امور میں شفافیت اور رفتار بھی بہتر ہوگی۔
اجلاس میں ڈائریکٹرز جنید حسن منج، یاسر اعجاز چٹھہ، عاصم محمود، افنان سعید سندھو، ڈپٹی ڈائریکٹرز عبداللہ نور، عدنان شہزاد، راحیل ظفر، افضال انصاری، محمد بلال، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز عثمان رامے، میاں احمد، خوشنود احمد و دیگر افسران نے شرکت کی۔








