کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے صوبے کے مختلف اضلاع میں158 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، اور کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے23 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا
پنجاب میں سی ٹی ڈی کا کریک ڈائون

مزید خبریں
لاہور۔19ستمبر (اے پی پی):کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے صوبے کے مختلف اضلاع میں158 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، اور کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے23 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ساہیوال سے گرفتار ایک دہشت گرد کا تعلق بھارتی دہشت گرد ایجنسی را سے ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں میں ہدایت اللہ، محمد مجاہد، تسلیم حسنین، عبدالرئوفوغیرہ شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کو اٹک، ملتان، ساہیوال، جہلم، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، میانوالی، بہاولپور، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، راولپنڈی اور بھکر سے گرفتار کیا گیا، جن کا تعلق را، فتنہ خوارج اور دیگر تنظیموں سے ہے ،جن کے خلاف22 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 5 ہزار140 گرام بارودی مواد،7 آئی ای ڈیز، 26 ڈیٹونیٹرز،48 فٹ سیفٹی فیوز وائر،5 ممنوعہ میگزینز،128 پمفلٹس،70 اسٹیکرز، 6 موبائل فونز اور46 ہزار150 روپے نقدی برآمد کیے گئے۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ چار ہفتوں کے دوران مقامی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے پنجاب بھر میں4 ہزار 601 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران ایک لاکھ 66 ہزار 553 افراد کو چیک،402 مشتبہ افراد کو گرفتار، 396 مقدمات درج اور365 مختلف نوعیت کی برآمدگیاں کی گئیں۔ ترجمان نے کہا کہ سی ٹی ڈیپنجاب کے ہدف کے تحت دہشت گردوں اور ریاست مخالف عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔







