صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن بورڈ کا اجلاس ، نئے مالی سال کیلئے 14.285ارب روپے کے بجٹ تخمینہ کی منظوری
صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن بورڈ کا اجلاس ، نئے مالی سال کیلئے 14.285ارب روپے کے بجٹ تخمینہ کی منظوری

مزید خبریں
لاہور۔1جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن بورڈ کا 136واں اجلاس منعقد ہوا۔پیسک ہاو س میں منعقدہ اجلاس میں 15نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن مبین الہی نے ایجنڈا آئٹمز بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ترجمان کیمطابق بورڈ نے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے نئے مالی سال کیلئے 14.285ارب روپے کے بجٹ تخمینہ جات کی منظوری دی۔ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ منڈی بہاو الدین کا ریوائزڈ پی سی ون اور صنعتی پلاٹس کی بکنگ کے نظریاتی شدہ ریٹس کی بھی منظوری دی گئی۔ پیسک ہاو س میں بنائی گئی ہینڈی کرافٹس شاپ کی اپ گریڈیشن کا پی سی ون بھی منظور کیاگیا۔
پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ریٹائرڈ ملازمین کے میڈیکل الاو نس میں اضافے کی منظوری دی گئی۔اس مقصد کیلئے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن اپنے وسائل سے پنشن فنڈ میں 40کروڑ روپے جمع کرائے گی۔ بورڈ نے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ملازمین کیلئے وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت ہاو سنگ سکیم کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے بورڈ ممبران کا اعزازیہ 25 ہزار سے بڑھا کر 40 ہزار روپے کرنے کی منظوری دی گئی۔بورڈ نے پیسک کے بعض دیگر انتظامی اور مالیاتی امور کی بھی منظوری دی۔اجلاس میں پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی آمدن بڑھانے کی مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔پنجاب میں واقع 23 سمال انڈسٹریل میں بہتری لانے کیلئے بھی متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر شروع کی گئی بلاسود قرضوں کی سکیموں نے پنجاب میں معاشی سرگرمیاں بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
وزیر اعلی پنجاب آسان کاروبار کارڈ اور آسان کاروبار فنانس سکیموں سے تاجروں اور صنعتکاروں نے فائدہ اٹھایا۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر حکومت صنعتی ترقی اور ایکسپورٹ پروموشن کا بڑا پروگرام شروع کر رہی ہے،اس پروگرام کے تحت پنجاب بنک کے ذریعے کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے300 ارب روپے کے آسان قرضہ جات دئیے جائیں گے۔صنعتی ترقی اور برآمدات بڑھانے کا یہ بڑا پروگرام رواں سال اکتوبر میں شروع کیا جارہا ہے،اس سکیم کے تحت پہلی کیٹگری میں 10کروڑ روپے تک کا بلاسود قرض حاصل کیا جاسکتا ہے۔ دوسری کیٹگری کے تحت 3فیصد مارک اپ پر ایک ارب روپے تک کا قرض حاصل کیا جاسکتا ہے۔تیسری کیٹگری میں 5فیصد مارک اپ پر 5 ارب روپے تک کا قرض حاصل کیا جاسکے گا ۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں موجود 23سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کا کام اسی سال شروع ہوگا۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ منڈی بہاوالدین میں نئی سمال انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی جارہی ہے جہاں صنعتی یونٹس لگانے کیلئے آسان اقساط پر پلاٹ حاصل کئے جاسکیں گے۔منڈی بہاوالدین کے بہت سے لوگ بیرون ممالک مقیم ہیں اور ان کے لئے سمال انڈسٹریل اسٹیٹ منڈی بہاو الدین میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہوں گے۔انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق دیگر علاقوں میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹس بھی بنائی جا رہی ہیں۔منیجنگ ڈائریکٹر مبین الہی نے کہاکہ پیسک نے گزشتہ 6 ماہ میں سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں موجود اضافی پلاٹس کی فروخت سے تقریبا 2ارب روپے حاصل کئے ہیں،نئے مالی سال میں ادارے کے ریسورسز بڑھانے کے اہداف بھی طے کرلئے گئے ہیں۔ ہینڈی کرافٹس شاپس کی اپ گریڈیشن کرکے 5 کروڑ روپے کی نئی پراڈکٹس شامل کی جائیں گی۔سیکرٹری انڈسٹریز عمر مسعود، کامران عثمانی اور دیگر بورڈ ممبران نے اجلاس میں شرکت کی.








