پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی کے زیرِ اہتمام “ہم مائیں، ہم بہنیں، ہم بیٹیاں قوموں کی عزت ہم سے ہے” کے عنوان سے ٹیبلو مقابلے

حکومتِ پنجاب اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی ویژن کے تحت پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی کے زیرِ اہتمام ’’ہم مائیں، ہم بہنیں، ہم بیٹیاں قوموں کی عزت ہم سے ہے‘‘ کے عنوان سے ایک شاندار ٹیبلو مقابلے کا انعقاد کیا گیا

راولپنڈی۔ 15 مئی (اے پی پی):حکومتِ پنجاب اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی ویژن کے تحت پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی کے زیرِ اہتمام ’’ہم مائیں، ہم بہنیں، ہم بیٹیاں قوموں کی عزت ہم سے ہے‘‘ کے عنوان سے ایک شاندار ٹیبلو مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد خواتین کے معاشرتی کردار، عزت و وقار اور قومی ترقی میں ان کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ مختلف سکولوں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور انداز میں شرکت کرتے ہوئے معاشرتی موضوعات پر مبنی خوبصورت اور متاثر کن ٹیبلوز پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ضیااللہ شاہ پارلیمانی سیکرٹری ایمرجنسی سروسز حکومت پنجاب اور پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت حکومت پنجاب شازیہ رضوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی اصل طاقت اور پہچان ہوتی ہیں، اور ایسی مثبت و تخلیقی سرگرمیاں نوجوان نسل میں شعور، اعتماد اور مثبت سوچ کو فروغ دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور خواتین کے احترام کو فروغ دینے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہیں، اور یہ پروگرام اسی وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی محمد شکور نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ و طالبات کی شاندار پرفارمنس کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تھیٹر اور ٹیبلو جیسی سرگرمیاں نوجوان نسل کو مثبت اظہار کا موقع فراہم کرتی ہیں اور معاشرتی شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔مقابلے کے ججز میں معروف اداکار و ہدایتکار افضال لطیفی، اسلم مغل، اور ارشد مسعود منہاس شامل تھے جنہوں نے مختلف اداروں کی پرفارمنسز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ مقابلے میں پہلی پوزیشن گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین سول لائنز نے حاصل کی اور انہیں 30,000 روپے انعام دیا گیا، جبکہ دوسری پوزیشن گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالب برائے خواتین خیابان سر سید راولپنڈی کے نام رہی جنہیں 25,000 روپے دئیے گئے۔ تیسری پوزیشن گورنمنٹ گریجویٹ کالج آف کامرس سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی نے حاصل کی اور انہیں 20,000 روپے انعام دیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر پوزیشن ہولڈرز میں انعامات اور تمام شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں ۔