وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) سینٹرل ریجن کے موٹرویز اور ہائی ویز کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیتے ہوئے پنڈی بھٹیاں تا فیصل آباد (ایم فور) کو 4 سے 6 لین کرنے کا منصوبہ ہر صورت 15 دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ۔
پنڈی بھٹیاں فیصل آباد ایم فور 6 لین منصوبہ 15 دسمبر تک مکمل کیا جائے: وفاقی وزیر مواصلات کی این ایچ اے کو ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) سینٹرل ریجن کے موٹرویز اور ہائی ویز کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیتے ہوئے پنڈی بھٹیاں تا فیصل آباد (ایم فور) کو 4 سے 6 لین کرنے کا منصوبہ ہر صورت 15 دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ۔
یہ ہدایت وفاقی وزیر مواصلات کی زیر صدارت این ایچ اے کے اجلاس میں کی گئی۔ اجلاس میں اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔وفاقی وزیر مواصلات نے بتایا کہ لودھراں ملتان ایکسپریس وے پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے جبکہ جی ٹی روڈ (این 5) لالہ موسیٰ بائی پاس کا ابتدائی کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دریائے ستلج پر بابا فرید پل کی بحالی پر جلد کام شروع ہو گا اور جنوبی پنجاب میں لیہ اور تونسہ پلوں کو قومی شاہراہوں سے جوڑا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ این 5 پھول نگر انٹرچینج کی معیاری تعمیر یقینی بنائی جائے اور مری اسلام آباد ایکسپریس وے کو ماڈل بنا کر تمام نئی شاہراہوں پر جدید لائٹس، معیاری ریسٹ ایریاز اور پیدل چلنے والوں کے لیے محفوظ گزرگاہیں تعمیر کی جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سرکاری فنڈز کے ایک ایک پیسے کا حساب رکھا جائے گا اور ضیاع برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعمیراتی کاموں کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ ڈی آئی جی موٹرویز ذمہ دار ہوں گے۔ چیئرمین این ایچ اے کو تمام تفویض کردہ ٹاسکس پر جلد تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔








