اکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پولیو سے پاک پاکستان شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا، ملک کے ہر بچے کو پولیو سے محفوظ اور صحت مند مستقبل فراہم کرنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے، انہوں نے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، مستقل سیاسی عزم، وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور …
پولیو سے پاک پاکستان شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا، ملک کے ہر بچے کو پولیو سے محفوظ اور صحت مند مستقبل فراہم کرنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے، بلاول بھٹو زرداری

مزید خبریں
اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پولیو سے پاک پاکستان شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا، ملک کے ہر بچے کو پولیو سے محفوظ اور صحت مند مستقبل فراہم کرنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے، انہوں نے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، مستقل سیاسی عزم، وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور عوام کی بھرپور شرکت کو ناگزیر قرار دیا ہے۔
میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق عالمی یومِ انسدادِ پولیو کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے 1994ء میں قدامت پسند عناصر کی شدید مخالفت اور منفی پروپیگنڈے کے باوجود ملک میں پہلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کیا اور سب سے پہلے اپنی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کو خود پولیو کے قطرے پلا کر یہ واضح پیغام دیا کہ بچوں کی صحت اور تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ آصفہ بھٹو زرداری گزشتہ کئی سالوں سے انسدادِ پولیو کی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لئے مسلسل سرگرمِ عمل ہیں، ان کی یہ جدوجہد شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس خواب کی تکمیل کی جانب ایک اہم قدم ہے کہ پاکستان کا کوئی بچہ پولیو کے باعث عمر بھر کی معذوری کا شکار نہ ہو۔
بلاول بھٹو زرداری نے انسدادِ پولیو مہم میں خدمات انجام دینے والے کارکنوں بالخصوص دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں فرائض ادا کرنے والے ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور دورانِ فرض اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیو ورکرز کو قومی ہیروز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کارکنوں کی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے پولیو سے پاک پاکستان کے خواب کو حقیقت بنانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔







