پولیو قیادت کا خیبر پختونخوا میں انسداد پولیو کی کوششوں کا جائزہ

پولیو قیادت کا خیبر پختونخوا میں انسداد پولیو کی کوششوں کا جائزہ

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):انسداد پولیوپروگرام کے اعلیٰ سطحی وفد نے خیبر پختونخوا کے صوبائی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (ای او سی) کا دورہ کیا اور صوبے میں انسداد پولیو کی پیش رفت، مہم کی کارکردگی اور آپریشنل ترجیحات کا جائزہ لیا۔وفد میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے پولیو کے خاتمے کے ڈائریکٹر اور گلوبل پولیو اریڈیکیشن انیشی ایٹو (جی پی ای آئی) کی اسٹریٹجی کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر جمال احمد، ڈبلیو ایچ او/ای ایم آر او کے اینڈیمک ممالک کے پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر فضل اطہر اور ڈبلیو ایچ او کے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کے ٹیم لیڈ ڈاکٹر صغیر شامل تھے۔

اجلاس میں ٹی ایف پی پی ای آئی خیبر پختونخوا، ڈبلیو ایچ او خیبر پختونخوا، یونیسیف خیبر پختونخوا، این ایس ٹی او پی خیبر پختونخوا کی ٹیموں اور مختلف شعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری صحت و کوآرڈینیٹر ای او سی خیبر پختونخوا شفیع اللہ خان نے وفد کو صوبے میں انسداد پولیو کی کوششوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

بریفنگ میں مہم کی کارکردگی، خصوصی اقدامات، نگرانی، پولیو اریڈیکیشن انیشی ایٹو کو توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (پی ای آئی۔ای پی آئی) کے ساتھ مربوط کرنے، آپریشنل ترجیحات اور بالخصوص جنوبی خیبر پختونخوا کے ہائی رسک علاقوں میں جاری سرگرمیوں کا جائزہ پیش کیا گیا۔شرکا نے پروگرام کی اہم ترجیحات، آپریشنل چیلنجز، مہم کے معیار کو بہتر بنانے، نگرانی کے نظام کو مضبوط کرنے اور ہر اہل بچے تک پولیو ویکسین کی رسائی یقینی بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

دورہ کرنے والے حکام نے صوبائی پولیو ٹیم، شراکت دار اداروں اور فرنٹ لائن ورکرز کی کوششوں کو سراہتے ہوئےپاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کی جانب پیش رفت کو برقرار رکھنے کے لیے مسلسل اقدامات پر زور دیا۔

مزید خبریں