اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں جاری مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ کے دوران 3.22 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جولائی 2025 تا جنوری 2026 کے عرصہ میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کا حجم 9.7 ملین ٹن تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی 2024 تا جنوری 2025 کے دوران فروخت کا حجم 9.4 ملین ٹن رہا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال 25-2024 کے …
پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں جاری مالی سال کے دوران 3.22 فیصد اضافہ
اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں جاری مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ کے دوران 3.22 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جولائی 2025 تا جنوری 2026 کے عرصہ میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کا حجم 9.7 ملین ٹن تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی 2024 تا جنوری 2025 کے دوران فروخت کا حجم 9.4 ملین ٹن رہا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال 25-2024 کے مقابلے میں رواں مالی سال 26-2025 کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی ملکی فروخت میں 0.3 ملین ٹن یعنی 3.22 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ٹاپ لائن سکیورٹیز کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق جنوری 2026 کے دوران فرنس آئل کی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر 9 فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر 7 فیصد کا اضافہ ہوا اور فرنس آئل کی فروخت 1.41 ملین ٹن تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ میں فرنس کے علاوہ پٹرولیم مصنوعات کی فروخت 9.41 ملین ٹن رہی ۔ جنوری 2026 میں پٹرول کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 3 فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 2 فیصد اضافہ ہوا اور پٹرول کی فروخت 6 لاکھ 41 ہزار ٹن رہی ہے۔ اسی طرح ہائی سپیڈل ڈیزل کی فروخت میں بھی جنوری 2026 کے دوران سالانہ بنیاد پر 11 فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 20 فیصد کا اضافہ ہوا اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت کا حجم 6 لاکھ 64 ہزار ٹن تک بڑھ گئی۔ پٹرولیم مصنوعات کے کاروبار سے وابستہ کمپنیوں میں سے پاکستان سٹیٹ آئیل سرفہرست رہا اور پی ایس او کی فروخت میں جنوری 2026 کے دوران 6 فیصد سالانہ جبکہ 17 فیصد ماہانہ اضافہ ہوا اور اس دوران کمپنی کی فروخت 6 لاکھ 26 ہزار ٹن ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح اٹک پٹرولیم کی فروخت 2 فیصد سالانہ جبکہ 31 فیصد ماہانہ اضافہ سے ایک لاکھ 34 ہزار ٹن رہی جبکہ وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ کی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں جنوری 2026 کے دوران سالانہ بنیاد پر 20 فیصد پر اور ماہانہ 17 فیصد اضافہ ہوا ۔ دوسری جانب ہسکول کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد کمی واقع ہوئی تاہم ماہانہ بنیاد پر ہسکول کی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت 5 فیصد بڑھ گئی۔ واضح رہے کہ جنوری 2026 کے دوران ہائی سپیڈ ڈیزل اور پٹرول کی مارکیٹ میں پاکستان سٹیٹ آئیل کا شیئر بالترتیب 42.75 اور 37.88 فیصد رہا جبکہ اٹک پٹرولیم کا ہائی سپیڈ مارکیٹ میں شیئر 9.01 فیصد اور پٹرول 8.39 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔









