فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز(ایف سی سی آئی )کے صدر فاروق یوسف شیخ کہا ہے کہ پیداواریت بڑھانے اور پیداواری لاگت میں کمی کےلئے نیشنل پروڈکٹویٹی آرگنائزیشن کی خدمات قابل تحسین ہیں۔
پیداواریت بڑھانے اور لاگت میں کمی کےلئے نیشنل پروڈکٹویٹی آرگنائزیشن کی خدمات قابل تحسین ہیں،فاروق یوسف شیخ

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 13 جولائی (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز(ایف سی سی آئی )کے صدر فاروق یوسف شیخ کہا ہے کہ پیداواریت بڑھانے اور پیداواری لاگت میں کمی کےلئے نیشنل پروڈکٹویٹی آرگنائزیشن کی خدمات قابل تحسین ہیں۔
یہ بات انہوں نے این پی او کے اشتراک سے اہم صنعتوں کےلئے توانائی اور ریسورس کی ترقی بارے آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ٹیکسٹائل سے نکل کے اب ہمہ جہتی صنعتی شہر بن چکا ہے جہاں بیوریج، فوڈ، آٹو موبائل، کیمیکل اور فارماسوٹیکل سمیت کئی جدید صنعتیں قائم ہیں،اس شہر کو قومی معیشت میں بھر پور کردار ادا کرنے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ ایف سی سی آئی کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ یہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے علاوہ اس ضلعے کے ایک کروڑ شہریوں کے حقوق کے تحفظ کےلئے بھی کوشا ں ہے، اس کے 22ہزار سے زائد ممبران 128مختلف سیکٹرز اور سب سیکٹرز کی نمائندگی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ این پی اوسیمینارز اور آگاہی سیشنز کے ذریعے صنعتکاروں کو پیداواری لاگت کم کرنے اور اس حوالے سے جدید عالمی رجحانات بارے بھی آگاہ کر رہا ہے۔ انہوں نے پیداواریت بڑھانے کے سلسلے میں کہا کہ پا کستان کی ترقی،معاشی استحکام اور برآمدات بڑھانے کےلئے تمام اداروں کا ایک پیج پر ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت 32 مختلف محکمے بزنس کمیونٹی سے ڈیل کرتے ہیں اِن کا بنیادی کام معاشی نظام سے منسلک افراد کےلئے سہولتیں اور آسانیاں پیدا کرنا ہے تاکہ معیشت بہتر ہو اور برآمدات میں اضافہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کو بزنس کمیونٹی 100ارب تک پہنچا سکتی ہے مگر اِس کےلئے اسے مراعات دینا ہوں گی۔








