پیداواری خلا کو کم کرنے کیلئے ہائی ایفی شنسی آبپاشی، مصدقہ بیج اور متوازن کھاد کا استعمال ضروری ہے،ڈاکٹر ذوالفقار علی

فیصل آباد۔ 17 نومبر (اے پی پی):پیداواری خلا کو کم کرنے کیلئے ہائی ایفی شنسی آبپاشی، مصدقہ بیج اور متوازن کھاد کا استعمال ضروری جبکہ کسانوں کو ماہرین کی سفارشات سے آگاہ کرنا قومی گندم کی ضرورت پوری کرنے اور غذائی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔ جامعہ زرعیہ کے وی سی پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے گندم کی کاشت کے حوالے سے کہا کہ زمین کی بگڑتی …

فیصل آباد۔ 17 نومبر (اے پی پی):پیداواری خلا کو کم کرنے کیلئے ہائی ایفی شنسی آبپاشی، مصدقہ بیج اور متوازن کھاد کا استعمال ضروری جبکہ کسانوں کو ماہرین کی سفارشات سے آگاہ کرنا قومی گندم کی ضرورت پوری کرنے اور غذائی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔

جامعہ زرعیہ کے وی سی پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے گندم کی کاشت کے حوالے سے کہا کہ زمین کی بگڑتی ہوئی صحت، موسمیاتی تبدیلیوں اور دیگر چیلنجز کی وجہ سے زراعت کو سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے تحت متوازن کھادوں کے استعمال، بروقت بوائی، مناسب دیکھ بھال سمیت دیگر عوامل کے بارے ماہرین کی سفارشات سے کاشتکاروں کو آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کو یقینی بنا کر انقلاب برپا کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مہم یونیورسٹی کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ کسانوں کو روایتی زراعت سے جدید زرعی ٹیکنالوجیز کی طرف منتقل کرنے میں مدد دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ دنیا میں گندم کی سب سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے والا ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ مہم کسانوں کو بہترین بیج بونے کے طریقوں، بروقت زرعی اقدامات اور بہتر مٹی کے انتظام کے بارے میں رہنمائی فراہم کرنے کے لیے ترتیب دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زمین کی زرخیزی کو بحال رکھنے کیلئے نامیاتی مواد کا مناسب استعمال ضروری ہے جس کیلئے کاشتکاروں کو مٹی کا تجزیہ بروقت کروانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سائنسدانوں کے ساتھ رابطہ مقامی کاشتکاروں کو نئی ٹیکنالوجی اعتماد کے ساتھ اپنانے میں مدد دیتا ہے جبکہ زمین کی تیاری اور معیاری بیج کے انتخاب پر عملی مظاہرے کسانوں کو بہتر پیداوار حاصل کرنے اور زیادہ منافع لینے میں مدد دیتے ہیں۔