پیسکو چیف کی فیلڈ افسران کو کارکردگی بہتر بنانے اور بجلی چوری روکنے کی ہدایت

پیسکو چیف اختر حامد خان نے فیلڈ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں، صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنائیں اور بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف کارروائی تیز کریں

پشاور۔ 08 اکتوبر (اے پی پی):پیسکو چیف اختر حامد خان نے فیلڈ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں، صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنائیں اور بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف کارروائی تیز کریں۔پیسکو تر جمان کے مطابق پشاور اور خیبر سرکل کی ٹیموں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے دوران پیسکو چیف نے سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ایکس ای اینز اور ایس ڈی اوز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں موثر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے متنبہ کیا کہ ناقص کارکردگی دکھانے والے ایس ڈی اوز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور پیسکو عملہ کو ہدایت کی کہ وہ صارفین کے ساتھ نرم رویہ اپنائیں اور ان کے مسائل کو فوری حل کریں۔اختر حامد خان نے فیلڈ ٹیموں کو لائن لاسز کو کم کرنے کے لیے بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا بھی حکم دیا۔انہوں نے عہدیداروں کو مزید ہدایت دی کہ وہ صرف خرابی کی صورت میں پرمٹ حاصل کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ بجلی کی سپلائی غیر ضروری طور پر معطل نہ ہو۔