پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ کا مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی برسی پر انہیں خراج عقیدت

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو وہ عظیم خاتون ہیں جنہوں نے پاکستان کی بقا اور جمہوریت کی خاطر اپنا سب قربان کر ڈالا۔ پیپلز میڈیا سیل سے جاری بیان میں نفیسہ شاہ نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے آمریت کا ڈٹ …

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو وہ عظیم خاتون ہیں جنہوں نے پاکستان کی بقا اور جمہوریت کی خاطر اپنا سب قربان کر ڈالا۔ پیپلز میڈیا سیل سے جاری بیان میں نفیسہ شاہ نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عہد کو بھر پور طریقے سے نبھایا۔بطور ماں انہوں نے اپنی اولاد کو عوام کا احساس اور پاکستان سے محبت کا درس دیا۔

آج بھی جب آمریت کے خلاف للکار کی بات آتی ہے تو بیگم نصرت بھٹو کی جدو جہد کے بغیر نامکمل محسوس ہوتی ہے۔ نفیسہ شاہ نے کہا کہ جب آمریت کا ظلم گلی گلی تھا تب بیگم نصرت بھٹو نے عوام کا ہاتھ تھاما۔ بیگم نصرت بھٹو نے آئین اور جمہوریت کے لیے جو جدو جہد کی اس کی مثال کہیں نہیں ملتی۔ اپنے ہمسفر کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ظلم سہتے دیکھتے ہوئے بھی جمہوریت کی راہ نہ چھوڑی۔ شہید بھٹو کی طرح جمہوریت کی محافظ اور عوام کی رہنما بنیں۔

وہ ایک ایسی لیڈر تھیں جنہیں پاکستان کی بقا اور جمہوریت کی حفاظت اپنے ذاتی معاملات سے پہلے تھی۔ جمہوریت کی خاطر انہوں نے اپنے دو بیٹوں کو قربان ہوتے دیکھا۔ آج دنیا بھر میں مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی لازوال قربانیوں پر ان کو خراجِ عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔ انہوں نے ایک ایسی مثال قائم کی ہے جو آنے والی کئی نسلیں یاد رکھیں گی۔