پی ایس ڈبلیو کا خدیجہ ویمن انٹرپرینیورشپ پروگرام کے تحت کراچی میں خصوصی سیشن کا انعقاد، تجارتی، مالیاتی، کاروباری اور متعلقہ سرکاری اداروں نے شرکت کی
پی ایس ڈبلیو کا خدیجہ ویمن انٹرپرینیورشپ پروگرام کے تحت کراچی میں خصوصی سیشن کا انعقاد، تجارتی، مالیاتی، کاروباری اور متعلقہ سرکاری اداروں نے شرکت کی

مزید خبریں
کراچی۔7اکتوبر (اے پی پی):پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو)نے خواتین کے کاروبار کے فروغ اور انہیں عالمی تجارتی مواقع تک رسائی فراہم کرنے کےلئے ’’خدیجہ ویمن انٹرپرینیورشپ پروگرام‘‘کے تحت کراچی میں خصوصی سیشن کا انعقاد کیا جس میں تجارتی، مالیاتی، کاروباری اور متعلقہ سرکاری اداروں نے شرکت کی۔پی ایس ڈبلیو کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’’ایکسس ٹو اپرچونٹی: اینیبلنگ ویمن انٹرپرینیورز‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیشن کا مقصد کاروباری خواتین کو کاروبار مضبوط بنانے، مالیاتی سہولیات حاصل کرنے، برآمدات کی تیاری اور عالمی منڈیوں تک رسائی کےلئے ضروری معلومات، وسائل اور ادارہ جاتی معاونت فراہم کرنا تھا۔
سیشن کا انعقاد فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی)اور مشرق بینک کے تعاون سے کیا گیا جبکہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا)، سٹیٹ بینک پاکستان، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان (ٹی ڈی اے پی)اور آئی بی اے سینٹر فار انٹرپرینیورشپ ڈویلپمنٹ، انوویشن اینڈ ریسرچ سمیت دیگر اداروں نے شرکت کی۔تقریب میں رکن قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی، ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں، یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر، ایف پی سی سی آئی کی نائب صدر قرۃ العین اور مختلف اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔سیشن کے دوران کاروباری خواتین کو ڈیجیٹل تجارت، کاروباری توسیع، مالیاتی سہولیات، برآمدی تیاری، ای کامرس اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے حوالے سے ماہرین سے براہ راست رہنمائی فراہم کی گئی۔
مشرق بینک نے ’’ویمن، فنانس اینڈ گلوبل ٹریڈ‘‘ کے عنوان سے سیشن میں خواتین کاروباری افراد کےلئے مالیاتی سہولیات، ڈیجیٹل بینکاری اور تجارتی فنانس کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔ بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ہمایوں سجاد کی قیادت میں خواتین کاروباری افراد کو مالی وسائل تک رسائی اور عالمی منڈیوں تک کاروبار کو وسعت دینے میں معاونت پر توجہ دی جا رہی ہے۔پی ایس ڈبلیو نے شرکا کو پاکستان کے تیزی سے تبدیل ہوتے ڈیجیٹل تجارتی نظام، کاغذی کارروائی سے پاک مربوط نظام اور سرحد پار تجارت کو آسان بنانے کےلئے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔ٹی ڈی اے پی نے برآمدات کے فروغ، نئی منڈیوں تک رسائی اور خواتین کی زیر قیادت کاروباری اداروں کےلئے دستیاب مواقع پر روشنی ڈالی جبکہ اس کا ویمن انٹرپرینیورشپ ڈویژن خواتین کاروباری افراد کی برآمدی منڈیوں اور تجارتی مواقع تک رسائی بہتر بنانے کےلئے کام کر رہا ہے۔
ڈویژن کی سربراہ ایڈیشنل سیکرٹری و ہیڈ آف ویمن انٹرپرینیورشپ ڈویژن فوزیہ پروین چوہدری ہیں۔سمیڈا نے کاروباری ترقی اور کاروباری تیاری جبکہ سٹیٹ بینک اور مشرق بینک نے مالیاتی شمولیت، بینکاری اور ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔ ایف پی سی سی آئی نے کاروباری برادری کا نقطۂ نظر پیش کرتے ہوئے ادارہ جاتی معاونت کو خواتین کاروباری افراد کی عملی ضروریات سے جوڑنے میں کردار ادا کیا۔اس موقع پر پی ایس ڈبلیو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید آفتاب حیدر نے کہا کہ خدیجہ پروگرام کے تحت کراچی میں مسلسل سرگرمیاں کاروباری خواتین کےلئے ایسے عملی راستے بنانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں جن کے ذریعے وہ سرحد پار تجارت میں زیادہ مؤثر انداز میں حصہ لے سکیں۔
انہوں نے کہا کہ تجارتی اداروں، کاروباری ترقی کے اداروں، مالیاتی شعبے اور متعلقہ ریگولیٹری اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر خواتین کی زیر قیادت کاروباری اداروں کو کاروبار وسعت دینے اور عالمی منڈیوں سے منسلک ہونے کےلئے ضروری معلومات، وسائل اور روابط فراہم کئے جا رہے ہیں۔ایف پی سی سی آئی کی نائب صدر قرۃ العین نے کہا کہ خواتین کی زیر قیادت کاروبار کو پائیدار بنیاد پر آگے بڑھانے کےلئے منڈیوں تک رسائی کے ساتھ مالی وسائل، ڈیجیٹل ذرائع اور تجارتی طریقہ کار کی واضح سمجھ بھی ضروری ہے۔
خدیجہ پروگرام جیسے اقدامات کاروباری خواتین کو متعلقہ اداروں سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ کاروباری خواتین پاکستان کی کاروباری برادری کا اہم اور تیزی سے بڑھتا ہوا حصہ ہیں، ایسے پلیٹ فارم خواتین کی زیر قیادت کاروبار کو تجارتی اداروں، مالیاتی خدمات اور برآمدات کے حوالے سے عملی رہنمائی سے جوڑ کر کاروبار اور مارکیٹ کے مواقع کے درمیان خلا کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی ایسے سازگار کاروباری ماحول کے قیام کےلئے پرعزم ہے جس میں زیادہ خواتین کاروباری ادارے باضابطہ طور پر کام شروع کریں، ترقی کریں اور ملکی و عالمی منڈیوں تک کامیابی سے رسائی حاصل کر سکیں۔
پی ایس ڈبلیو کے مطابق خدیجہ پروگرام کے تحت کاروباری خواتین اور متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل رابطے کے ذریعے ڈیجیٹل تجارتی نظام اور کاروباری مواقع کے درمیان روابط مزید مضبوط کئے جا رہے ہیں جس کا مقصد خواتین کی زیر قیادت کاروباری اداروں کو عالمی تجارت میں مؤثر شرکت کےلئے ضروری صلاحیتیں، روابط اور اعتماد فراہم کرنا ہے۔








