پی این سی اے ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز ہے، ثقافت کے تمام پہلوئوں کو اجاگر کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، محمد یوب جمالی

پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز ہے جہاں ثقافت کے تمام پہلوئوں کو اجاگر کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں

اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز ہے جہاں ثقافت کے تمام پہلوئوں کو اجاگر کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔پی این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل محمد یوب جمالی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں شائستہ اور بامقصد فیملی تھیٹر کے فروغ اور ثقافتی احیاء کے لیے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔پی این سی پرفارمنگ آرٹس کا شعبہ اس ضمن میں بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔حال ہی میں یہاں تھیٹر ڈرامہ مقدمہ پیش کیا گیا جبکہ 5 اکتوبر کو یہاں امیر خسرو پر ایک سٹیج پلے پیش کیا جائے گا۔قائداعظم محمد علی جناح کے پورٹریٹ بنانے کا مقابلہ بھی منعقد کیا جا رہا ہے جس میں شرکت کرنے والے نوجوان 20 اکتوبر تک اپنے تیار کردہ پورٹریٹ بھجوا سکتے ہیں۔ ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے نے کہا کہ تھیٹرکے فروغ کے لئے ورکشاپس کے انعقاد کے علاوہ یہاں ڈرامے بھی پیش کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حال میں پیش کئے جانے والے تھیٹر پلے مقدمہ کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں مختلف یونیورسٹیز سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت طلبہ،جو پی این سی اے میں انٹرنز کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، انہوں نے اس کی تخلیق اور پیشکش میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ڈرامے کی تیاری سے لے کر حتمی پیشکش تک نوجوان فنکاروں نے محنت، لگن اور اعتماد کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔یہ تھیٹر پروڈکشن ڈپٹی ڈائریکٹر پرفارمنگ آرٹس پی این سی اے عنایت الرحمٰن کی نگرانی میں پیش کی گئی۔ اس اقدام کا مقصد نوجوان فنکاروں کو پیشہ ورانہ ماحول میں اپنی تخلیقی صلاحیتیں بروئے کار لانے کا موقع فراہم کرنا اور انہیں سٹیج پر اپنے خیالات کو عملی شکل دینے کے لیے مناسب پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا۔ ایوب جمالی نے کہا کہ نوجوان فنکاروں کو پیشہ ورانہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ایسے پروگراموں کے ذریعے نئی نسل کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے، تخلیقی خیالات کو عملی شکل دینے اور فنون لطیفہ کے میدان میں اپنی شناخت بنانے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔’’مقدمہ‘‘ کی کامیاب پیشکش پی این سی اے کی اس کاوش کا تسلسل ہے جس کا مقصد نوجوان فنکاروں کی حوصلہ افزائی، ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی سرپرستی اور انہیں قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) نے ملک بھر کے کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء کے لیے قائد اعظم محمد علی جناح کے پورٹریٹ بنانے کے مقابلے کا اعلان کیا ہے۔ مقابلے کا بنیادی مقصد نوجوان آرٹسٹوں کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی شخصیت کو اپنے تخلیقی انداز میں پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔​پی این سی اے کی جانب سے جیتنے والے امیدواروں کے لیے مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے سے زائد کے شاندار نقد انعامات کا اعلان کیا گیا ہے۔اس ضمن میں ​پہلا انعام 500,000 روپے،​دوسرا انعام 300,000 روپے،​تیسرا انعام 200,000 روپے مقرر کیا گیا ہے۔​ادارے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق امیدواروں کے لیے اپنے آرٹ ورکس جمع کروانے کی آخری تاریخ 20 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔ ملک بھر سے فن مصوری سے لگائو رکھنے والے طلباء و طالبات کو اس مقابلے میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔