پی ایچ ایف نے قومی ہاکی کیلنڈر کا اعلان کر دیا

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ڈومیسٹک ہاکی سیزن 2026-27 کے قومی ہاکی کیلنڈر کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں چھ بڑے قومی ایونٹس منعقد کیے جائیں گے۔

لاہور۔16جون (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ڈومیسٹک ہاکی سیزن 2026-27 کے قومی ہاکی کیلنڈر کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں چھ بڑے قومی ایونٹس منعقد کیے جائیں گے۔ فیڈریشن نے تمام صوبائی اسپورٹس بورڈز، تعلیمی اداروں، یونیورسٹیوں، ضلعی ہاکی ایسوسی ایشنز اور دیگر متعلقہ اداروں کو فوری طور پر تیاریوں کا آغاز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔پی ایچ ایف کے مطابق نئے ڈومیسٹک سیزن کا مقصد ملک میں ہاکی کے بنیادی ڈھانچے کو نچلی سطح سے مضبوط بنانا اور اسکولوں، کالجوں، جونیئر، خواتین اور سینئر کھلاڑیوں کو بہتر مسابقتی مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ قومی کھیل میں نئے ٹیلنٹ کو ابھارا جا سکے۔اعلان کردہ کیلنڈر کے مطابق نیشنل ویمنز ہاکی چیمپئن شپ 2 سے 11 جولائی 2026 تک منعقد ہوگی، جبکہ نیشنل انڈر 15 بوائز اینڈ گرلز ہاکی چیمپئن شپ 12 سے 22 نومبر 2026 تک کھیلی جائے گی۔ نیشنل انڈر 21 ہاکی چیمپئن شپ 2 سے 12 جنوری 2027، نیول کپ (سینئر مینز) 16 سے 26 مارچ 2027، چیف آف آرمی اسٹاف ہاکی چیمپئن شپ 5 سے 15 اپریل 2027 اور نیشنل بینک گولڈ کپ 25 اپریل سے 5 مئی 2027 تک شیڈول کیا گیا ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے تمام تعلیمی اداروں، کالجوں، اسکولوں اور صوبائی و ضلعی ہاکی ایسوسی ایشنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ کھلاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز، کوچنگ کیمپس اور انٹر اسکول و انٹر ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد بروقت شروع کریں تاکہ قومی مقابلوں میں معیاری اور بھرپور شرکت یقینی بنائی جا سکے۔فیڈریشن نے اپنے اعلامیے میں اس بات پر زور دیا ہے کہ قومی ہاکی کی بحالی اور عالمی سطح پر پاکستان کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لیے تعلیمی اداروں اور صوبائی اسپورٹس ڈھانچے کا فعال کردار ناگزیر ہے۔ صوبائی حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسکولوں اور کالجوں کی ٹیموں، بالخصوص انڈر 15، انڈر 18 اور ویمن چیمپئن شپس میں شرکت کے لیے تعلیمی اداروں سے قریبی رابطہ رکھیں۔پی ایچ ایف کے مطابق ایونٹس میں شرکت کے قواعد و ضوابط اور کھلاڑیوں کی اہلیت سے متعلق تفصیلی ہدایات جلد کمپٹیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے الگ سے جاری کی جائیں گی۔