پی ایچ ایم اے کے انتخابات میں سید ضیاء علمدار حسین سینٹرل چیئرمین جبکہ میاں فرخ اقبال زونل چیئرمین منتخب

پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے انتخابات برائے سال 2026-28 میں سید ضیاء علمدار حسین میسرز فیشن اینڈ ٹرینڈز پرائیویٹ لمیٹڈ فیصل آباد بلا مقابلہ سینٹرل چیئرمین

فیصل آباد۔ 30 ستمبر (اے پی پی):پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے انتخابات برائے سال 2026-28 میں سید ضیاء علمدار حسین میسرز فیشن اینڈ ٹرینڈز پرائیویٹ لمیٹڈ فیصل آباد بلا مقابلہ سینٹرل چیئرمین، میاں فرخ اقبال میسرز کوزی انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ فیصل آباد زونل چیئرمین،لاہور سے اظہار الحق میسرز سن شائن کلاتھنگ سینئر وائس چیئرمین جبکہ سیالکوٹ سے نوید افضل میروائس چیئرمین منتخب ہوگئے۔فیصل آباد کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کے طور پر محمد ذنون نذیرمیسرز لائلپور نٹ ویئر، علی حسن میسرز منیب اپیرلز، نثار احمدمیسرز گلشن فیبرکس اور محمد خباب انیس میسرز پارس ہوزری منتخب ہوگئے۔ نومنتخب عہدیداران اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کے انتخاب کا اعلان ایسوسی ایشن کے 65ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر کیا گیا۔اس موقع پرنومنتخب سینٹرل چیئرمین پی ایچ ایم اے سید ضیاء علمدار حسین نے نومنتخب زونل چیئرمین میاں فرخ اقبال ودیگر عہدیداران اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سینٹرل اور زونل قیادت ایسوسی ایشن کو مزید فعال بنانے، صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے حل اور ممبران کے مفادات کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایم اےصنعتکاروں کے مفادات کے تحفظ، برآمدات کے فروغ اور ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کی ترقی کے لیے حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ جاری رکھے گی۔ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح ملک کے دفاع کو مضبوط بنانا ضروری ہے اسی طرح معاشی استحکام کے لیے برآمدی شعبے کو مضبوط بنانا اور عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقتی حیثیت بہتر بنانا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔نومنتخب زونل چیئرمین پی ایچ ایم اے میاں فرخ اقبال نے ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بالخصوص گروپ لیڈرپی ایچ ایم اےچوہدری سلامت علی کی کاوشوں کو سراہا، جن کی کوششوں سے پی ایچ ایم اے فیصل آباد کو زونل آفس کا درجہ حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کی ترقی، صنعت کو درپیش مسائل کے حل اور ممبران کے مفادات کے تحفظ کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر ملکی معیشت، برآمدات اور روزگار کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے تاہم صنعت کو توانائی کی بلند قیمتوں، پیداواری لاگت میں اضافے، بلند شرح سود اور عالمی منڈی میں سخت مسابقت جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتی مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ پیداواری لاگت میں کمی اور پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈی میں مسابقتی حیثیت بہتر ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو کاروباری ماحول آسان بنانے کے لیے ون ونڈو آپریشن اور دیگر مؤثر اصلاحات پر توجہ دینی چاہیئے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ایچ ایم اے صنعت اور حکومت کے درمیان مؤثر رابطے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔اس موقع پر سبکدوش ہونے والے سینئر وائس چیئرمین پی ایچ ایم اے نارتھ زون احمد افضل اعوان نے نومنتخب قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مشکل حالات کے باوجود پی ایچ ایم اے نے صنعتکاروں کے مسائل اعلیٰ حکومتی فورمز تک پہنچانے اور ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کی ترقی کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت بھی زیرِ التوا مسائل کے حل اور صنعت کی ترقی کے لیے مؤثر اور بھرپور کردار ادا کرے گی۔اجلاس میں پی ایچ ایم اے کے پیٹرن اِن چیف جاوید بلوانی اور سینٹرل چیئرمین پی ایچ ایم اے بابر خان نے بھی شرکت کی۔ معزز مہمانوں نے پی ایچ ایم اے فیصل آباد کو زونل آفس کا درجہ ملنے پر مبارکباد دی اور زونل آفس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ انہوں نے نومنتخب قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے سبکدوش ہونے والے سینئر وائس چیئرمین احمد افضل اعوان اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کی خدمات کو بھی سراہا۔تقریب کے اختتام پرپی ایچ ایم اےگروپ لیڈر چوہدری سلامت علی نے کراچی سے تشریف لانے والے معزز مہمانانِ گرامی جاوید بلوانی اور بابر خان کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور انہیں پی ایچ ایم اے کی اعزازی شیلڈز پیش کیں۔ اس کے علاوہ سبکدوش ہونے والے سینئر وائس چیئرمین احمد افضل اعوان، ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان اور ممبر الیکشن کمیشن شاہد احمد شیخ کو بھی ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈز پیش کی گئی