پی ٹی سی ایل کے سماجی ترقیاتی منصوبوں کو عالمی پذیرائی، ’ڈریگنز آف ایشیا ایوارڈز 2026‘ میں دو اہم اعزازات اپنے نام کر لئے

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل)نے باوقار ’ڈریگنز آف ایشیا ایوارڈز 2026‘ میں دو اہم اعزازات حاصل کر کے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر دیا ہے۔ پی ٹی سی ایل کے معروف فلاحی اقدام ’’دل سے بااختیار‘‘ کو ’بیسٹ اِن ڈیجیٹل‘ کیٹیگری میں برونز ڈریگن، جبکہ ماؤں کے عالمی دن کی خصوصی مہم کو ’مارکیٹنگ ڈسپلن‘ کیٹیگری میں بلیک ڈریگن ایوارڈ سے …

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل)نے باوقار ’ڈریگنز آف ایشیا ایوارڈز 2026‘ میں دو اہم اعزازات حاصل کر کے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر دیا ہے۔ پی ٹی سی ایل کے معروف فلاحی اقدام ’’دل سے بااختیار‘‘ کو ’بیسٹ اِن ڈیجیٹل‘ کیٹیگری میں برونز ڈریگن، جبکہ ماؤں کے عالمی دن کی خصوصی مہم کو ’مارکیٹنگ ڈسپلن‘ کیٹیگری میں بلیک ڈریگن ایوارڈ سے نوازا گیا۔یہ باوقار اعزازات پسماندہ طبقات کو بااختیار بنانے، سماجی بہتری اور ایک شمولیتی معاشرے کے قیام کے لئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے مؤثر اور بامقصد استعمال کا بین الاقوامی اعتراف ہیں۔

یہ کامیابی ظاہر کرتی ہے کہ پی ٹی سی ایل محض ٹیلی کام رابطوں کی فراہمی تک محدود نہیں، بلکہ معاشرتی ترقی اور بنیادی انسانی ضروریات کے حل میں بھی پیش پیش ہے۔پی ٹی سی ایل کا فلیگ شپ پروگرام ’’دل سے بااختیار‘‘ ڈیجیٹل شمولیت، ہنر مندی کی تربیت اور خود روزگاری کے مواقع فراہم کر کے خواتین کو خود کفیل بنانے کا عملی ثبوت ہے۔ ملک بھر کے سیلاب سے متاثرہ 22 اضلاع میں کامیابی سے جاری یہ منصوبہ ظاہر کرتا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی تک رسائی کس طرح دیہی اور پسماندہ خواتین کی معاشی خودمختاری کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔دوسری جانب پی ٹی سی ایل کی ماؤں کے عالمی دن کی مہم روایتی پیغامات سے ہٹ کر ایک ٹھوس سماجی پہل تھی۔ اس مہم کا بنیادی مقصد زچگی کے عمل کے بعد خواتین کو درپیش نفسیاتی مسائل اور پوسٹ پارٹم ڈپریشن کے حوالے سے معاشرے میں ہمدردانہ رویہ اور عملی خاندانی تعاون کو فروغ دینا تھا۔

اس شاندار کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل کے چیف مارکیٹنگ آفیسر عماد خان نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ملکی سطح پر نمایاں پذیرائی حاصل کرنے والی ہماری مہمات کو ایشیا بھر کے مسابقتی پلیٹ فارم پر بھی سراہا گیا ہے، ہمارے لئے اصل انعام اعزازات نہیں بلکہ عام لوگوں کی زندگیوں میں آنے والی مثبت اور پائیدار تبدیلی ہے، پی ٹی سی ایل اپنی وسیع ڈیجیٹل رسائی اور وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ایسے اقدامات جاری رکھے گا جو پاکستان کو ایک بااختیار اور شمولیتی ڈیجیٹل مستقبل کی طرف لے جائیں۔

ڈریگنز آف ایشیا ایوارڈز خطے بھر میں مارکیٹنگ کمیونیکیشن کے سب سے معتبر ترین مقابلوں میں شمار ہوتے ہیں جہاں ایک آزاد بین الاقوامی جیوری مہمات کی تزویراتی حکمتِ عملی، تخلیقی سوچ، عملی نفاذ اور ان کے قابلِ پیمائش معاشرتی نتائج کی بنیاد پر فاتحین کا انتخاب کرتی ہے۔یہ بین الاقوامی کامیابی دراصل ’ڈریگنز آف پاکستان ایوارڈز 2026‘ میں پی ٹی سی ایل کی تاریخی فتح کا تسلسل ہے، جہاں ادارے نے اپنی مہمات ’’پاکستان کی پہچان‘‘، ’’دل سے بااختیار‘‘، ’’مدرز ڈے: ماؤں کے لئے مزید تعاون‘‘ اور ’’عالمی یومِ تعلیم‘‘ کے تحت مجموعی طور پر پانچ ایوارڈز اپنے نام کیے تھے۔

مزید خبریں