پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) محمد ندیم خان نے سال 2026ء کی تیسری سہ ماہی کے شاندار مالیاتی نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گروپ کی مجموعی آمدن میں سال بہ سال 62 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے
پی ٹی سی ایل گروپ کی آمدن میں 62 فیصد اضافہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) محمد ندیم خان نے سال 2026ء کی تیسری سہ ماہی کے شاندار مالیاتی نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گروپ کی مجموعی آمدن میں سال بہ سال 62 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ آپریٹنگ منافع 181 فیصد اضافے کے بعد 33.5 ارب روپے اور مجموعی خالص منافع 4.7 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کے تاریخی اور کامیاب انضمام کے نتیجے میں موبائل آمدن میں 139 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے اور صارفین کی مجموعی تعداد 7 کروڑ 60 لاکھ کی حد عبور کر گئی ہے۔سی ای او محمدندیم خان نے واضح کیا کہ 30 ستمبر 2026ء کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں فکسڈ لائن، انٹرپرائز اور موبائل شعبوں کی مستحکم رفتار نے گروپ کی مارکیٹ پوزیشن کو مزید مستحکم کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انفرادی سطح پر پی ٹی سی ایل کی آمدن میں سال بہ سال 9 فیصد اضافہ ہوا جس میں فلیش فائبر، بزنس سلوشنز اور ہول سیل سروسز کی ترقی کا کلیدی کردار رہا۔ پی ٹی سی ایل نے 11 ارب روپے کا آپریٹنگ منافع اور 3 ارب روپے خالص منافع کمایا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 343 فیصد کی ریکارڈ بہتری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ موبائل سیکٹر میں 25 اضلاع میں نیٹ ورک انضمام کا عمل کامیابی سے مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ بڑے شہروں میں فائیو جی کوریج کو تیزی سے وسعت دی جا رہی ہے۔ دوسری جانب یو مائیکروفنانس بینک (یو بینک) نے 18.3 ارب روپے کی آمدن حاصل کی اور گزشتہ سال کے آپریٹنگ خسارے کے برعکس آپریٹنگ منافع کما کر 84 فیصد بہتری کے ساتھ نمایاں مالی بحالی کا ثبوت دیا ہے۔کارپوریٹ اور فکسڈ براڈبینڈ سیکٹر میں کمپنی نے 100 ایم بی پی ایس فلیش فائبر اور آئی پی ٹی وی پر مشتمل ’آزادی آفر‘ متعارف کرانے کے ساتھ مرکنٹائل کے اشتراک سے پاکستان میں آئی فون 18 کا خصوصی بنڈل پیش کیا۔ اس کے علاوہ کلائوڈ، مصنوعی ذہانت (اے آئی) انفراسٹرکچر، سائبر سکیورٹی، ڈیٹا سینٹر اور سب میرین کیبل کنیکٹیویٹی کی فراہمی کے ذریعے قومی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں کلیدی کردار برقرار رکھا گیا جبکہ صارفین کی سہولت کے لیے فیملی شیئرنگ بنڈلز اور سیلف سروس کی جدید سہولیات بھی متعارف کرائی گئیں۔سماجی شمولیت کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ ’بااختیار‘ پروگرام کے ذریعے 22 اضلاع کی 2,100 خواتین کو ڈیجیٹل و مالیاتی خواندگی فراہم کی گئی اور یوفون فائیو جی سمز و یوپیسہ والٹس کے ذریعے معاشی خودمختاری میں مدد دی گئی۔
کمپنی نے ’کنیکٹ ہیر‘ کے اشتراک سے کسٹمر سینٹرز پر قوت سماعت سے محروم افراد کے لیے اشاروں کی زبان کی اے آئی سہولت ’صلہ‘ متعارف کرائی جبکہ یونیسف کے تعاون سے انسداد پولیو کے فرنٹ لائن ورکرز کو جی ایس ایم کنیکٹیویٹی کی فراہمی جاری رکھی گئی ہے۔ مارکیٹنگ اور کمیونی کیشن کے شعبے میں شاندار کارکردگی پر گروپ نے ’ڈریگنز آف پاکستان 2026ء‘ میں مجموعی طور پر 14 ایوارڈز حاصل کیے جن میں پی ٹی سی ایل کی ’پاکستان جتنا جوان‘ مہم کے 5 ایوارڈز اور یوفون و ٹیلی نار پاکستان کے 9 ایوارڈز شامل ہیں۔







