پی ٹی ڈی سی کے اشتراک سے کراچی اور اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان ٹریول مارٹ 2026 کامیابی سے اختتام پذیر
پی ٹی ڈی سی کے اشتراک سے کراچی اور اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان ٹریول مارٹ 2026 کامیابی سے اختتام پذیر
اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے اشتراک سے کراچی اور اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان ٹریول مارٹ (پی ٹی ایم) 2026 کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔ اس ایونٹ میں 450 سے زائد نمائش کنندگان نے شرکت کی جن میں بین الاقوامی مندوبین، سفارتخانے، ٹور آپریٹرز، ایئرلائنز، ہوٹلنگ سے وابستہ ادارے اور صوبائی محکمہ جات سیاحت شامل تھے جس سے پی ٹی ایم 2026 کو پاکستان کے بڑے سیاحتی اجتماعات میں سے ایک بن گیا۔ ایونٹ کے دوران اسلام آباد میں بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں، نیٹ ورکنگ سیشنز اور پینل مباحثے منعقد ہوئے جنہوں نے صنعت سے وابستہ افراد کو شراکت داری کے مواقع تلاش کرنے اور پاکستان کے سیاحتی امکانات کو اجاگر کرنے کے لئے ایک متحرک پلیٹ فارم فراہم کیا۔ 9 سفارتخانوں بشمول ازبکستان، نیپال، ویتنام، تاجکستان اور قازقستان کے علاوہ 76 ٹور آپریٹر کمپنیوں نے شرکت کی۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پی ٹی ایم اور پی ٹی ڈی سی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیاحت پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے اور عالمی سطح پر مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی نے کہا کہ سیاحت اقتصادی ترقی کا ایک اہم محرک ہے اور وفاقی و صوبائی سطح پر مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ پی ٹی ایم پاکستان کو عالمی سطح پر مسابقتی سیاحتی مقام کے طور پر اجاگر کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے اور سہولیات اور رابطوں میں بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔
منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمٰن رانا نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی سیاحت کے فروغ کے لئے سٹریٹجک اقدامات اور بین الاقوامی روابط کے ذریعے پرعزم ہے جبکہ پی ٹی ایم 2026 نے باہمی تعاون اور سرمایہ کاری کے قیمتی مواقع فراہم کیے۔ اقوام متحدہ کی سیاحت کے ریجنل ڈائریکٹر ایشیا پیسیفک ہیری ہوانگ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے پاکستان کے مضبوط سیاحتی امکانات کا اعتراف کیا اور پائیدار سیاحت کے فروغ کے لیے مسلسل کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ پاکستان ٹریول مارٹ (پی ٹی ایم) کانفرنس کے آخری روز تین پینل مباحثے منعقد ہوئے جن میں “برانڈ پاکستان اگر ہمارے پاس سب کچھ ہے تو سیاحت کیوں نہیں بڑھ رہی؟”پاکستان کو دنیا کے لئے کھولنا:
رابطہ کاری اور ہوا بازی سیاحت کی بنیاد‘‘اور ’’ٹور آپریٹرز کی رائے: ان باؤنڈ سیاحت میں رکاوٹوں کا خاتمہ‘‘ جیسے موضوعات شامل تھے۔پینل میں شریک ماہرین نے بامعنی اور نتیجہ خیز گفتگو کی اور قیمتی خیالات اور عملی تجاویز پیش کیں جن سے سیاحت کے فروغ اور اس شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اہم رہنمائی حاصل ہوئی۔ ایونٹ میں نجی سفری کمپنیوں کی بھرپور شرکت کے ساتھ ساتھ حکومتی سطح پر بھی فعال شرکت دیکھنے میں آئی جبکہ مجموعی طور پر شرکاء کی آمد تسلی بخش رہی۔ مجموعی طور پر پی ٹی ایم 2026 ایک کامیاب ایونٹ ثابت ہوا جس نے سیاحت کے فروغ، شراکت داری کے استحکام اور پاکستان کی عالمی سطح پر نمائندگی کو بہتر بنانے کے اپنے اہداف حاصل کئے۔









