چاول کی برآمد میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں 24.68 فیصد اضافہ، ادارہ شماریات

چاول کی قومی برآمدات میں جاری مالی سال 27-2026کے پہلے دو ماہ میں 24.68 فیصد اضافہ ہوا ہے

اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):چاول کی قومی برآمدات میں جاری مالی سال 27-2026کے پہلے دو ماہ میں 24.68 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس)کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا اگست 2026 کے دوران 391.741 ملین ڈالر مالیت کے 6 لاکھ 58 ہزار 610 میٹرک ٹن سے زائد چاول برآمد کیے گئےہیں جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 314.198 ملین ڈالر مالیت کے 5 لاکھ 45 ہزار 472 میٹرک ٹن چاول برآمد کیے گئے تھے۔ اس طرح گز شتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے دو مہینوں میں چاول کی قومی برآمدات میں 24.68 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں باسمتی چاول کی برآمدات میں 53.04 فیصد اضافہ ہواہے اور برآمدات کا حجم 164.091 ملین ڈالر تک پہنچ گیا اور اس دوران ایک لاکھ 45 ہزار 731 میٹرک ٹن باسمتی چاول برآمد کیے گئےہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 107.223 ملین ڈالر مالیت کے 1 لاکھ 1 ہزار 973 میٹرک ٹن باسمتی چاول برآمد کیے گئے تھے۔رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں دیگر متفرق اقسام کے چاول کی برآمدات بھی 227.650 ملین ڈالر سے زیادہ رہیں اور 5 لاکھ 8 ہزار 878 میٹرک ٹن سے زائد چاول برآمد کئے گئے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 206.975 ملین ڈالر مالیت کے 4 لاکھ 43 ہزار 499 میٹرک ٹن چاول برآمد کیے گئے تھے۔

 

مزید خبریں