چشتیاں۔ 21 اکتوبر (اے پی پی):زیادہ گندم اگاؤ مہم اور سموگ کنٹرول مہم کے سلسلہ میں نمبرداران کنونشن تحصیل بہاول نگر میں منعقد ہوا، جس میں تحصیل بھر سے تقریباً دو سو کے قریب نمبرداران نے بھرپور شرکت کی۔ کنونشن کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون تھے۔ اس کنونشن کا مقصد کاشتکاروں میں گندم کی زیادہ سے زیادہ کاشت کے فروغ کے ساتھ ساتھ سموگ کے تدارک کے …
چشتیاں،زیادہ گندم اگاؤ مہم اور سموگ کنٹرول مہم کے سلسلہ میں نمبرداران کنونشن
چشتیاں۔ 21 اکتوبر (اے پی پی):زیادہ گندم اگاؤ مہم اور سموگ کنٹرول مہم کے سلسلہ میں نمبرداران کنونشن تحصیل بہاول نگر میں منعقد ہوا، جس میں تحصیل بھر سے تقریباً دو سو کے قریب نمبرداران نے بھرپور شرکت کی۔ کنونشن کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون تھے۔
اس کنونشن کا مقصد کاشتکاروں میں گندم کی زیادہ سے زیادہ کاشت کے فروغ کے ساتھ ساتھ سموگ کے تدارک کے لیے عوامی شعور اجاگر کرنا تھا۔
تقریب کے آغاز میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) تحصیل بہاولنگر ریحان عالم نے تمام مہمانانِ گرامی اور شریک نمبرداران کو خوش آمدید کہا اور کنونشن کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈاکٹر محمد اشفاق ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) بہاولنگر نے کنونشن کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے بتایا کہ اس مہم کا بنیادی ہدف گندم کی زیادہ پیداوار کے لیے کسانوں کو جدید زرعی طریقوں سے آگاہ کرنا اور سموگ کے خاتمے کے لیے آگاہی فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بون نے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے محکمہ زراعت کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ بہاول نگر کے نمبرداران ہمارے دیہی معاشرے کا قابلِ اعتماد طبقہ ہیں، جو اپنی زمینوں پر زیادہ سے زیادہ گندم کاشت کرکے اور دیگر کاشتکاروں کو بھی اس کے لیے ترغیب دے کر ضلع کو ایک بار پھر صوبے میں گندم کی پیداوار کے لحاظ سے سرفہرست بنا سکتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ سموگ کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے تمام کسانوں کو چاہیے کہ وہ فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے سے گریز کریں اور ماحول کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت مل کر اس مہم کو کامیاب بنائیں گے تاکہ عوام کو صاف فضاء اور بہتر فصل دونوں میسر آ سکیں۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت کامیاب کاشتکاروں میں الاٹمنٹ لیٹر بھی دیے گئے۔ کنونشن کے اختتام پر محکمہ زراعت کی جانب سے گندم کی بہتر کاشت، زمین کی تیاری اور سموگ سے بچاؤ کے عملی اقدامات پر شرکاء کو آگاہی فراہم کی گئی ۔









