بہاولپور۔ 27 نومبر (اے پی پی):اسپیشل سیکرٹری لائیو اسٹاک جنوبی پنجاب اسد نعیم نے لائیو اسٹاک کمپلیکس بہاولپور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ چولستان بھر میں اونٹوں کی مبینہ بیماری کی بھرپور نگرانی کی جارہی ہے اور صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ لائیو اسٹاک کی خصوصی ٹیموں نے 11 ہزار 597 اونٹوں کا طبی معائنہ کیا ہے جن میں سے …
چولستان بھر میں اونٹوں کی مبینہ بیماری کی بھرپور نگرانی کی جارہی ہے اور صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔اسپیشل سیکرٹری لائیو اسٹاک

مزید خبریں
بہاولپور۔ 27 نومبر (اے پی پی):اسپیشل سیکرٹری لائیو اسٹاک جنوبی پنجاب اسد نعیم نے لائیو اسٹاک کمپلیکس بہاولپور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ چولستان بھر میں اونٹوں کی مبینہ بیماری کی بھرپور نگرانی کی جارہی ہے اور صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ لائیو اسٹاک کی خصوصی ٹیموں نے 11 ہزار 597 اونٹوں کا طبی معائنہ کیا ہے جن میں سے صرف 1100 اونٹوں میں بیماری کی علامات پائی گئی ہیں جنہیں فوری طور پر علاج اور ویکسینیشن فراہم کر دی گئی ہے۔ اسپیشل سیکرٹری لائیو اسٹاک نے کہا کہ بیمار اونٹوں کو ادویات دینے کے بعد دو سے تین دن میں واضح بہتری آ جاتی ہے اور بیماری کسی بڑے پھیلاؤ کا سبب نہیں بن رہی۔ انہوں نے بتایا کہ اونٹوں میں پائی جانے والی اس بیماری پر قابو پا لیا گیا ہے اور مزید جانچ کے لیے نمونہ جات لاہور و اسلام آباد لیب بھجوا دئیے گئے ہیں۔
اسپیشل سیکرٹری نے مزید بتایا کہ 52 اونٹوں کے نمونے لاہور اور اسلام آباد کی جدید لائیو اسٹاک لیبارٹریز کو بھجوائے گئے ہیں تاکہ بیماری کی مزید سائنسی جانچ اور وجوہات کا معلوم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ علاج کے لیے پانچ مختلف اقسام کی ادویات استعمال کی جا رہی ہیں جن میں نزلہ، فلو اور سانس لینے میں دشواری کے علاج کی ادویات شامل ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک ڈاکٹر اشرف نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ انہوں نے چولستان کے چھ سے سات مختلف مقامات پر سینکڑوں کی تعداد پر مشتمل اونٹوں کے ریوڑوں کی رینڈم سیمپلنگ کی ہے اور چولستانی چرواہوں سے بھی معلومات حاصل کی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب تک صرف 10 اونٹوں کی اموات کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ اس سے زیادہ تعداد کی باتیں بے بنیاد اور غلط ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک کے مطابق بیماری کا علاج 100 فیصد مؤثر ثابت ہو رہا ہے اور یہ بیماری 2014-15 میں سامنے آنے والی بیماری سے مشابہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جو علاج کا طریقہ کار اختیار کیا گیا تھا اسی پر عمل کرتے ہوئے موجودہ صورتحال پر بھی فوری قابو پا لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چولستان میں 10 ریسپانس ٹیمیں اور 200 سے زائد پیراویٹس اور 18 موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز تعینات کی گئیں ہیں تاکہ اونٹ پالنے والے افراد کی رہنمائی اور مدد کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چولستان میں کسی اونٹ کی موت کی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔ محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے اونٹ پال چولستانیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اونٹوں کے ناک سے خارج ہونے والا مواد کو فوری صاف کیا جائے تاکہ سانس میں رکاوٹ پیدا کرنے والے عوامل سے بچا جا سکے۔
محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے بیمار جانور کو فوراً لائیو اسٹاک ٹیم کے نوٹس میں لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ کے مطابق چولستان میں اونٹوں کی صحت کی صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن لائیو اسٹاک جنوبی پنجاب فاروق قمر اور محکمہ لائیو اسٹاک کے دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔








