پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق (تمغہ امتیاز) نے چوہدری انس سرور کو برطانوی کابینہ میں وزیرِ مملکت کے طور پر شامل کیے جانے اور بیک وقت ہاوس آف لارڈز کی رکنیت ملنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
چوہدری انس سرور کی برطانوی کابینہ میں شمولیت پاکستانیوں کیلئے باعثِ فخر ہے، میاں کاشف اشفاق

مزید خبریں
لاہور۔24جولائی (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق (تمغہ امتیاز) نے چوہدری انس سرور کو برطانوی کابینہ میں وزیرِ مملکت کے طور پر شامل کیے جانے اور بیک وقت ہاوس آف لارڈز کی رکنیت ملنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ جمعہ کو اپنے تہنیتی بیان میں میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ چوہدری انس سرور کی یہ کامیابی دنیا بھر کے پاکستانیوں، بالخصوص ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ اور پیرمحل کے عوام کے لیے باعثِ فخر اور اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ انس سرور نے اپنی محنت، سیاسی بصیرت اور عوامی خدمت کے جذبے کے باعث برطانیہ کی سیاست میں یہ نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انس سرور کی کامیابی کا بڑا سہرا ان کے والد چوہدری محمد سرور، سابق گورنر پنجاب او رکن برطانوی ہاوس آف لارڈز، اور والدہ پروین سرور کی بہترین تربیت، رہنمائی اور سیاسی شعور اجاگر کرنے کی کاوشوں کو جاتا ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے امید ظاہر کی کہ انس سرور اپنی نئی ذمہ داریوں میں بھی برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے موثر کردار ادا کریں گے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اپنا مثبت کردار جاری رکھیں گے۔
انہوں نے انس سرور کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ تقرری برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے اور اس سے پاکستانی نژاد افراد کی صلاحیتوں، خدمات اور مثبت کردار کو عالمی سطح پر مزید پذیرائی ملے گی۔








