چوہدری شافع حسین سے ایوان صنعت و تجارت سرگودھا کے وفد کی ملاقات،مسائل سے آگاکیا

چوہدری شافع حسین سے ایوان صنعت و تجارت سرگودھا کے وفد کی ملاقات،مسائل سے آگاکیا

لاہور۔3جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ایوان صنعت و تجارت سرگودھا کے وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت سرگودھا چیمبر کے صدر خواجہ یاسر قیوم کر رہے تھے۔پیسک ہائوس میں ہونے والی ملاقات میں سرگودھا کی انڈسٹری، سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے ایشوز اور دیگر معاملات پر بات چیت ہوئی۔

خواجہ یاسر قیوم نے صوبائی وزیر کو بتا یا کہ سرگودھا کی انڈسٹریل اسٹیٹ میں تقریبا 100صنعتی یونٹس پیدا وار میں ہیں، یہاں کا صنعتی انفراسٹرکچر بہتر بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ سرگودھا چیمبر اگلے ماہ سپین اور جنوبی افریقہ میں مینگو فیسٹول کا اہتمام کررہا ہے۔صدر سرگودھا چیمبر نے صوبائی وزیر کو مینگو فیسٹول میں شرکت کی دعوت دی۔صوبائی وزیر صنعت نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر حکومت رواں سال پنجاب کی 23سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں اربوں روپے کی لاگت سے صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کا بڑا پروگرام شروع کر رہی ہے،قائد آباد میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی جارہی ہے جہاں پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن کے کارخانے لگیں گے۔

چوہدری شافع حسین نے کہاکہ جلد ایوان صنعت و تجارت سرگودھا کا دورہ کروں گا اور صنعتکاروں سے ملوں گا،انڈسٹری محکمہ ماحولیات کے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائے، اگر کوئی ادارہ صنعتکاروں کو ہراساں کرے گا تو میں صنعتکاروں کے ساتھ کھڑا ہوں۔صوبائی وزیر نے کہاکہ حکومت صنعتکاری کے عمل میں تیزی لانے کیلئے رواں سال اکتوبر میں آسان قرضہ جات کی ایک بڑی سکیم لارہی ہے جس کے تحت پنجاب بنک کے ذریعے 300 ارب روپے کے قرضے دیئے جائیں گے۔

پہلی کیٹگری میں 10 کروڑ روپے تک کا بلاسود قرض ملے گا، دوسری کیٹگری میں 3فیصد مارک اپ پر ایک ارب جبکہ تیسری کیٹگری میں 5فیصد مارک اپ پر 5ارب روپے تک کا قرض حاصل کیا جاسکے گا،صنعت کار حکومت کی آسان قرضوں کی اس بڑی سکیم سے فائدہ اٹھائیں۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں جاب پلیسمنٹ پورٹل بنایا گیا ہے۔ سرگودھا چیمبر ضرورت کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کے حصول کیلئے پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن سے معاہدہ کرسکتا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سرگودھا چیمبر اور ملتان چیمبر مل کر سپین اور جنوبی افریقہ میں مینگو فیسٹول کا اہتمام کریں۔ایم ڈی پیسک مبین الہی،ڈائریکٹر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر عمران ہاشمی،ڈائریکٹر پیسک اور دیگر متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔

مزید خبریں