چھاتی کا سرطان موذی مرض ہے ،حکومت قوم کی بیٹیوں کی صحت کے تحفظ اورطبی سہولیات تک رسائی کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے،وزیراعظم شہبازشریف کا چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے عالمی دن پر پیغام

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان آج عالمی برادری کے ساتھ مل کر خواتین کو درپیش صحت کے سنگین مسائل بالخصوص چھاتی کے سرطان سے آگاہی پر بھرپور آواز اٹھاتا ہے، حکومت صحتِ عامہ ،سماجی تحفظ کے پروگرامز اور نجی تنظیموں کے ذریعے چھاتی کے سرطان کی اسکریننگ تک رسائی بڑھانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے، صحت کے اداروں اور متعلقہ شراکت داروں کے مابین رابطے …

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان آج عالمی برادری کے ساتھ مل کر خواتین کو درپیش صحت کے سنگین مسائل بالخصوص چھاتی کے سرطان سے آگاہی پر بھرپور آواز اٹھاتا ہے، حکومت صحتِ عامہ ،سماجی تحفظ کے پروگرامز اور نجی تنظیموں کے ذریعے چھاتی کے سرطان کی اسکریننگ تک رسائی بڑھانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے، صحت کے اداروں اور متعلقہ شراکت داروں کے مابین رابطے اور تعاون کو بھی مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق یہ بات وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی ، جو 19 اکتوبر 2026 کو منایا جا رہا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ چھاتی کے سرطان سے آگاہی، تشخیص، بروقت علاج اور نگہداشت ایسا سنجیدہ مسئلہ ہے جس پر اپنی بیٹیوں، ماؤں اور بہنوں کی صحت و زندگی کی قدر کرنے والی ہر قوم تشویش میں مبتلا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ چھاتی کے سرطان سے آگاہی سے متعلق عملی اقدامات کے تحت ملک بھر میں ابتدائی تشخیص، بروقت طبی جانچ، معیاری علاج اور علاج کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے موثر لائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے، حکومت، صوبائی حکومتوں اور مقامی سطح پر متعلقہ ادراوں کی معاونت سے ملک کے طول و عرض اور مقامی سطح پر بنیادی صحت کی سہولیات بشمول سرطان کے خصوصی علاج کی یقینی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ خواتین کو درکار طبی خدمات کی بلا تاخیر فراہمی میں سماجی آگاہی، موافق حالات بآسانی رسائی کا کلیدی کردار ہے۔ بالخصوص دیہی و پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولیات تک رسائی محدود ہوتی ہے اسلئے وہاں مقیم خواتین خصوصی توجہ کی مستحق ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کا عزم پختہ ہے کہ کوئی بھی پاکستانی بیٹی علاقے یا مالی استطاعت کی وجہ سے بروقت اور معیاری علاج سے محروم نہ رہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کی انتھک محنت اور پُر خلوض خدمات خواتین کو طبی سہولیات مہیا کرنے میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں، لیڈی ہیلتھ ورکرز کی خدمات خراجِ تحسین کی مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے سلسلے میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کی نصاب و تربیت میں ذاتی معائنہ، علامات کی پہچان، بروقت طبی مشورہ لینے اور طبی مرکز تک رجوع کرنے کا شعور اجاگر کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ شہری اور دیہی بنیادی مراکز میں طبی عملے میں چھاتی کے سرطان کی ابتدائی تشخیص کی استعداد کار بڑھانے کے لیے خصوصی تربیت دی جارہی ہے۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں قائم وفاقی مرکز برائے اسکریننگ مفت ادویات، تشخیص اور مشتبہ مریضوں کو بروقت مزید طبی علاج کے لیے متعلقہ افراد تک پہنچانےکی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت صحتِ عامہ ،سماجی تحفظ کے پروگرامز اور نجی تنظیموں کے ذریعے بھی چھاتی کے سرطان کی اسکریننگ تک رسائی بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہےجبکہ صحت کے اداروں اور متعلقہ شراکت داروں کے مابین رابطے اور تعاون کو بھی مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ چھاتی کا سرطان ایسا موذی مرض ہے جو مریضوں اور اہلخانہ کی سماجی اور نفسیاتی زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرتا ہے، اس مرض سے لڑنے میں موافق حالات، ہمدردانہ رویہ اور مریض کی ضروریات و ترجیحات حکمت عملی کا بنیادی حصہ ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی ہر بیٹی کے نام میرا پیغام ہے کہ آپ کی صحت پوری قوم کے لیے مقدم ہے، اپنی صحت کے حوالے سے کسی بھی تشویش کی صورت میں بلا تاخیر طبی رہنمائی حاصل کریں، صحت مند وخوشحال مائیں صحت مند اور تابناک مستقبل کی ضامن ہیں، آج خاندان، معاشرتی حلقوں، ذرائع ابلاغ، مذہبی رہنماؤں، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور طبی ماہرین سے اپیل کرتا ہوں کہ چھاتی کے سرطان سے متعلق خاموشی اور جھجک کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں اور خواتین کو بروقت طبی معائنہ اور علاج کروانے کی ترغیب دیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آئیے، اس امر کو یقینی بنائیں کہ آگاہی کا پیغام ہر گھر تک پہنچے اور خواتین کو ایسا علم، اعتماد اور حوصلہ فراہم ہو کہ وہ خوف، جھجک یا سماجی رویہ کے اندیشے کے بغیر طبی مدد حاصل کر سکیں۔ یہ اس قوم کی بیٹیوں کے ساتھ میری حکومت کا عہد ہے کہ ہم ان کی صحت کے تحفظ، طبی سہولیات تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھیں گے۔

 

مزید خبریں