فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا ہے کہ چھوٹے دکانداروں کے لئے خصوصی ٹیکس سکیم اس وقت نفاذ کے ابتدائی مرحلے میں ہے جس کے دوران تاجروں کو رجسٹریشن کے عمل میں درپیش عملی اور تکنیکی مشکلات کے ازالے اور انہیں ہر ممکن سہولت کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں
چھوٹے دکانداروں کے لئے خصوصی ٹیکس سکیم ابتدائی مرحلے میں ہے، ایف بی آر

مزید خبریں
اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا ہے کہ چھوٹے دکانداروں کے لئے خصوصی ٹیکس سکیم اس وقت نفاذ کے ابتدائی مرحلے میں ہے جس کے دوران تاجروں کو رجسٹریشن کے عمل میں درپیش عملی اور تکنیکی مشکلات کے ازالے اور انہیں ہر ممکن سہولت کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ منگل کو ایف بی آر سے جاری بیان کے مطابق حکومت پاکستان اور ایف بی آر تاجر برادری، مارکیٹ نمائندگان اور مختلف تجارتی تنظیموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ سکیم پر عملدرآمد کو آسان، شفاف اور تاجروں کے لئے با سہولت بنایا جا سکے۔ تاجر برادری کی جانب سے موصول ہونے والی آراء اور تجاویز کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ رجسٹریشن کے عمل میں درپیش حقیقی مشکلات کو دور کرنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ تاجروں کو اگر انہیں خصوصی ٹیکس سکیم کے تحت رجسٹریشن کے دوران کسی قسم کی تکنیکی دشواری یا مسئلہ درپیش ہو تو وہ براہ راست ایف بی آر سے رابطہ کریں جہاں انہیں ضروری رہنمائی اور معاونت فراہم کی جائے گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ خصوصی ٹیکس سکیم چھوٹے دکانداروں کو آسان اور سہولت پر مبنی طریقہ کار کے ذریعے ٹیکس نظام کا حصہ بننے کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے۔اسکیم کا مقصد رضاکارانہ ٹیکس تعمیل کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ چھوٹے تاجروں کے لئے کاروباری امور میں آسانی اور ٹیکس معاملات میں زیادہ یقین دہانی پیدا کرنا ہے۔ایف بی آر نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ تاجر برادری اور تجارتی تنظیموں کے مسلسل تعاون سے خصوصی ٹیکس سکیم اپنے مطلوبہ مقاصد حاصل کرے گی اور کاروباری برادری کے لئے ایک کامیاب اقدام ثابت ہوگی۔








