اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر ) کے راشد محمود لنگڑیال سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود کی قیادت میں 18 رکنی وفد نےایف بی آر ہیڈکوارٹرزمیں ملاقات کی، جس میں کاروباری برادری کو ٹیکس کے حوالے سے درپیش اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہفتہ کو ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق …
چیئرمین ایف بی آر سےآئی سی سی آئی کے وفد کی ملاقات، ٹیکس معاملات میں زیادہ سے زیادہ ممکنہ سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر ) کے راشد محمود لنگڑیال سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود کی قیادت میں 18 رکنی وفد نےایف بی آر ہیڈکوارٹرزمیں ملاقات کی، جس میں کاروباری برادری کو ٹیکس کے حوالے سے درپیش اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہفتہ کو ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران آئی سی سی آئی کے وفد نےچیئرمین ایف بی آر کو وفاقی دارالحکومت میں کاروبار کو درپیش مختلف چیلنجز سے آگاہ کیا جن میں سپر ٹیکس، ٹیکس ریفنڈز، چھوٹے کاروباروں کے لیے پوائنٹ آف سیل انضمام، رئیل اسٹیٹ اور پراپرٹی سیکٹر پر ٹیکس عائد کرنے سے متعلق امور اور دیگر عملی مشکلات شامل تھیں۔
چیئرمین ایف بی آر نے وفد کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کو بغور سنا اور یقین دہانی کرائی کہ کاروباری برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے زور دیا کہ حقیقی مشکلات کے حامل کیسز کو خصوصی طور پر دیکھا جائے گا تاہم قانون کے مطابق واجب الادا ٹیکس کی وصولی کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی صورت میں ٹیکس چوری برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں ممبر (لیگل آئی آر)، ممبر (آئی آر آپریشنز) اور ممبر (کسٹمز آپریشنز) بھی موجود تھے۔ انہوں نے آئی سی سی آئی کے نمائندوں کی طرف سے اُٹھائے گئے سوالات کے جوابات دیے اور متعلقہ امور پر وضاحت فراہم کی۔
چیئرمین ایف بی آر نے ملک کی معاشی ترقی اور خوشحالی میں کاروباری برادری کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ کاروبار دوست ماحول کا قیام ایف بی آر کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ اسلام آباد کی کاروباری برادری کی جانب سے جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے اُن کا جائزہ لیا جائے اور اُن کے حقیقی مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے۔








