چیئرمین این ڈی ایم اے کا اربن فلڈنگ کے انتظام کیلئے پیشگی اور مربوط حکمت عملی کی ضرورت پر زور

چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے اربن فلڈنگ کے انتظام کے لیے پیشگی اور مربوط حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں اور سیلاب کے بعد کے روایتی ردعمل سے نکل کر پائیدار اور طویل مدتی شہری تحفظ کی منصوبہ بندی کی جانب بڑھنا ہوگا۔

اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے اربن فلڈنگ کے انتظام کے لیے پیشگی اور مربوط حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں اور سیلاب کے بعد کے روایتی ردعمل سے نکل کر پائیدار اور طویل مدتی شہری تحفظ کی منصوبہ بندی کی جانب بڑھنا ہوگا۔وہ این ڈی ایم اے کے زیر اہتمام ’’اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے پائیدار اقدامات ، وژن 2027: بارشوں اور سیلاب سے آگے‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

سیمینار میں متعلقہ سرکاری محکموں، ترقیاتی اداروں کے نمائندوں، اربن پلاننگ کے ماہرین، آبی امور کے ماہرین اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی تاکہ بار بار پیش آنے والے اربن فلڈنگ (اربن فلڈنگ) اور اس سے بچائو کی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے ضروری اقدامات پر غور کیا جا سکے۔ شرکا نے اس امر پر روشنی ڈالی کہ اربن فلڈنگ کے مسئلے کو صرف بارشوں کے انتظام کے ذریعے حل نہیں کیا جا سکتا، بلکہ اس کے لیے ایک جامع حکمت عملی درکار ہے جس میں نکاسی آب کی استعداد، شہری ترقی، بنیادی ڈھانچے کی دیکھ بھال، برساتی پانی کا انتظام اور ادارہ جاتی ہم آہنگی شامل ہو۔شرکا نے سال 26–2025 کے دوران پیش آنے والے اربن فلڈنگ کے تجربات، سیلاب کے زیادہ خطرے سے دوچار اور حساس علاقوں، خطرات سے دوچار انفراسٹرکچر اور نکاسی آب کے موجودہ نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس کے علاوہ برساتی پانی کے بہائو، نکاسی آب کے نیٹ ورک کی استعداد اور اس کی خستہ حالی، پانی کے ذخیرے و پمپنگ کے انتظامات، قدرتی آبی گزرگاہوں کی بحالی اور ادارہ جاتی ہم آہنگی و ہنگامی ردعمل کے نقائص پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔شرکا نے جون 2027 سے قبل کیے جانے والے ترجیحی اقدامات پر مشاورت کی جن میں انتظامی و حفاظتی تدابیر، نکاسی آب کی بہتر دیکھ بھال اور تیاری، برساتی پانی کے انتظام اور ڈرینج کی صلاحیت میں اضافہ، قدرتی آبی گزرگاہوں کا تحفظ اور شہری منصوبہ بندی و ترقی میں سیلاب سے تحفظ کے عوامل کو لازمی شامل کرنا شامل ہے۔سیمینار نے سی ڈی اے، واسا، آر ڈی اے، ایل ڈی اے اور دیگر ترقیاتی اداروں و شراکت داروں کو اربن فلڈنگ کے خطرات کم کرنے اور پائیدار شہری انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے ادارہ جاتی ذمہ داریوں اور باہمی مربوط اقدامات کی نشاندہی کے لیے ایک پلیٹ فارم بھی مہیا کیا۔

اپنے اختتامی خطاب میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے اربن فلڈنگ کے انتظام کے لیے پیشگی اور مربوط حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا جس میں تیاری، بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی، ادارہ جاتی شمولیت اور نشاندہی کیے گئے اقدامات پر بروقت عملدرآمد پر خصوصی توجہ دی جائے۔ سیمینار کا اختتام وژن 2027 کے فریم ورک کے تحت مربوط فالو اپ اقدامات اور عملی منصوبوں پر زور دینے کے ساتھ ہوا تاکہ پاکستان کے شہری مراکز کو بار بار آنے والے سیلاب کے خلاف زیادہ پائیدار اور محفوظ بنایا جا سکے۔

 

مزید خبریں