چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم عیسٰی کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ،پاکستان کے عوام اور حکومت مشکل وقت میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو سیلاب متاثرین کیلئے فراہم کی جانے والی مدد پر مشکور ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم عیسٰی کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر سینیٹرز مولانا عبدالغفور حیدری، حافظ عبد الکریم، دلاور خان، نسیمہ احسان، اعجاز چوہدری اور خالدہ اطیب بھی موجود تھیں۔ چیئرمین سینیٹ نے سیکرٹری جنرل مسلم ورلڈ لیگ اور اْ ن کے وفد کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا۔

سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ صدارتی سول ایوارڈ سے نوازے جانے پر آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور صدارتی ایوارڈ مسلم امہ کے لئے آپ کی خدمات، مسلم ورلڈ لیگ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے امن اور رواداری کے پیغام کو پھیلانے کا اعتراف ہے۔پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اسلاموفوبیا کے خلاف تحریک کی قیادت کے لیے مسلم ورلڈ لیگ کی طرف دیکھتی ہے اور ہم مغرب میں اسلام کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنے اور اسلام کے پرامن اور روادارانہ نظریہ کو غیر مسلم دنیا میں پھیلانے کے لیے مسلم ورلڈ لیگ کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی مدبرانہ قیادت میں مملکت سعودی عرب کی ترقی انتہائی قابل تعریف ہے اور سعودی عرب کے وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا سعودی عرب کے عوام کی بہتری کے لیے وژن خاص طور پر قابل قدر ہے۔ اسلامی دنیا کے مسائل کے حل کیلئے مملکت سعودی عرب، مسلم ورلڈ لیگ اور خاص طور پر سیکریٹری جنرل کا کردار انتہائی قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ خادم الحرمین شریفین اور سعودی عرب کی قیادت کی خطے میں امن اور ترقی کے لیے کوششوں کے معترف ہیں اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو ہمارے مشترکہ مذہب، مشترکہ اقدار اور ثقافت میں مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں۔دونوں ممالک ہمیشہ ہر طرح کے مشکل حالات میں   ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور پاکستان کے عوام اور حکومت مشکل وقت میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو سیلاب متاثرین کیلئے فراہم کی جانے والی مدد پر مشکور ہیں۔

حالیہ تباہ کن سیلاب نے پورے پاکستان میں لاکھوں افراد کو براہ راست متاثر کیا ہے اور 1700 سے زائد افراد جاں بحق اور معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔نہوں نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن کو سہولیات فراہم کرنے پر سعودی حکومت کے شکرگزار ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے سیکرٹری جنرل کے پاکستان میں جاری دورے کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم عیسٰی نے کہا کہ مسلم ورلڈ لیگ عالم اسلام کی نمائندہ فورم ہے اور پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ مستحکم، عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتیں ہیں اور جب بھی پاکستان کا دورہ کیا اپنائیت کا احساس ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے ساتھ ساتھ پاکستانی علماء کرام کے ساتھ بھی خصوصی تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عالم اسلام کو قریب لانے کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور رابطہ عالم اسلامی کے فورم پر پاکستانی علماء کرام کو موثر نمائندگی دی گئی ہے اور ہمارا مقصد اُمت مسلمہ کے صحیح تشخص کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔

رہنماسعودی وفد نے کہا کہ پُر امن بقائے باہمی، محبت، امن اور بھائی چارہ اسلام کا پیغام ہے اور اسی پیغام کو ہم نے عام کرنا ہے۔ وفد کے رہنما نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی علاقائی و عالمی رابطہ کاری کی کوششوں کو بھی سراہا اور پاکستان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ دونوں رہنماؤں میں ادارہ جاتی تعاون، رابطہ کاری اور معاونت پر اتفاق پایا گیا۔