چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی بیلاروس پہنچ گئے، منسک میں فتح یادگار پر حاضری دی ، پھول چڑھائے

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی بیلاروس پہنچ گئے، منسک میں فتح یادگار پر حاضری دی ، پھول چڑھائے

منسک/اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد سرکاری دورے پر بیلاروس پہنچ گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے منسک میں فتح یادگار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور امن و آزادی کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یہ تقریب پاکستانی پارلیمانی وفد کے سرکاری دورے کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز تھی جس کی گہری تاریخی اور علامتی اہمیت ہے۔ تقریب دونوں ممالک کی جانب سے تاریخی ورثے اور یادداشت کے تحفظ، گزشتہ نسلوں کی قربانیوں کے احترام اور امن، خودمختاری اور انسانی وقار کی مشترکہ اقدار سے وابستگی کی عکاس تھی۔

پُروقار تقریب میں بیلاروس کی کونسل آف ری پبلک کی بین الاقوامی امور اور قومی سلامتی سے متعلق قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سرگئی الینک، منسک سٹی ایگزیکٹو کمیٹی اور منسک سٹی کونسل آف ڈپٹیز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس سے قبل چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد بیلاروس کے دو روزہ سرکاری دورے پر منسک پہنچا۔ منسک نیشنل ایئرپورٹ پر وفد کا استقبال کونسل آف ری پبلک کے ڈپٹی چیئرمین ایگور بریلیوچ اور بین الاقوامی امور و قومی سلامتی سے متعلق قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سرگئی الینک نے کیا۔ یہ دورہ بیلاروس کی کونسل آف ری پبلک کی چیئرپرسن نتالیہ کوچانووا کی دعوت پر کیا جا رہا ہے جس کا مقصد پاکستان اور بیلاروس کے درمیان پارلیمانی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینا اور انہیں نئی رفتار فراہم کرنا ہے۔

دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے طریقوں، بالخصوص تجارت، اقتصادی اور انسانی شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔ پارلیمانی روابط کے حوالے سے ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی روابط میں اضافے پر بھی توجہ دی جائے گی۔دورے کا ایک اہم پہلو بیلاروس کی کونسل آف ری پبلک اور سینیٹ پاکستان کے درمیان تعاون کی یادداشت پر دستخط ہوں گے۔ اس معاہدے سے پارلیمانی وفود کے تبادلوں، قانون سازی کے تجربات کے اشتراک اور دونوں پارلیمانی اداروں کے درمیان قریبی تعاون کے لئے ادارہ جاتی فریم ورک فراہم ہونے کی توقع ہے۔

پاکستانی پارلیمانی وفد بیلاروس کے اعلیٰ حکومتی حکام سے بھی اہم ملاقاتیں کرے گا جن میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دورے کے پروگرام میں بیلاروس کی مشین سازی کی صنعت کے اہم ادارے منسک ٹریکٹر پلانٹ اور ملک کے ممتاز طبی سائنسی و عملی مراکز کا دورہ بھی شامل ہے۔ پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے تاریخی یادداشت کے تحفظ اور امن و آزادی کے دفاع کرنے والوں کی قربانیوں کے احترام کو اجاگر کیا گیا۔ تاریخی ورثے اور یادداشت کا محتاط تحفظ اور مشترکہ اقدار سے وابستگی بیلاروس اور پاکستان کے درمیان بامعنی مکالمے، باہمی احترام اور طویل المدتی شراکت داری کے لیے مضبوط اخلاقی بنیاد فراہم کرتی ہے۔

چیئرمین سینیٹ کا یہ سرکاری دورہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان بڑھتے ہوئے پارلیمانی روابط کا عکاس ہے اور سیاسی، اقتصادی، انسانی، تکنیکی اور ادارہ جاتی شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کا اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے اور دوطرفہ تعلقات کے مزید استحکام کے لیے عملی اقدامات کی نشاندہی کی توقع ہے۔

مزید خبریں