چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بیلاروس کے سرکاری دورہ کے موقع پر پارلیمانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے منسک سائنٹیفک اینڈ پریکٹیکل سینٹر فار سرجری، ٹرانسپلانٹولوجی اینڈ ہیماٹولوجی اور ثقافتی ورثہ ،بیلاروسی اسٹیٹ میوزیم آف ہسٹری آف گریٹ پیٹریاٹک وار کا دورہ کیا۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا صحت کی دیکھ بھال، ٹیکنالوجی، ثقافتی تبادلوں میں پاکستان بیلاروس تعاون کے فروغ پر اظہار خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بیلاروس کے سرکاری دورہ کے موقع پر پارلیمانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے منسک سائنٹیفک اینڈ پریکٹیکل سینٹر فار سرجری، ٹرانسپلانٹولوجی اینڈ ہیماٹولوجی اور ثقافتی ورثہ ،بیلاروسی اسٹیٹ میوزیم آف ہسٹری آف گریٹ پیٹریاٹک وار کا دورہ کیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق طبی مرکز کے دورہ کے دوران، کونسل آف دی ریپبلک کی چیئرپرسن نتالیہ کوچانووا، چیئرمین سینیٹ اور پاکستانی وفد کو اعضاء کی پیوند کاری، روبوٹ کی مدد سے سرجری، اے آئی پر مبنی تشخیص اور CAR-T تھراپی میں بیلاروس کی جدید صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
وفد نے مرکز کے ہائبرڈ آپریٹنگ کمپلیکس میں مربوط سی ٹی اور انجیوگرافک ٹیکنالوجیز سے لیس ایک لائیو طریقہ کار کا مشاہدہ بھی کیا۔چیئرمین سینیٹ نے خصوصی صحت کی دیکھ بھال میں بیلاروس کی پیشرفت کو سراہا اور ابھرتی ہوئی طبی ٹیکنالوجیز میں ادارہ جاتی روابط، پیشہ ورانہ اور علمی ، مہارت کے تبادلوں اور تعاون کے امکانات پر زور دیا۔بیلاروسی ریاستی میوزیم آف دی ہسٹری آف دی گریٹ پیٹریاٹک وار میں پارلیمانی وفد نے جنگ کی بے پناہ انسانی قیمت، بیلاروسی عوام کی مزاحمت اور بیلاروس کی آزادی کے دوران ان کی قربانیوں کی دستاویزی نمائش بھی دیکھی۔
چیئرمین سینیٹ نے بیلاروس کے عوام کی ہمت اور لچک کو خراج تحسین پیش کیا اور بیلاروس کی تاریخی یادوں اور ورثے کو محفوظ رکھنے کی کوششوں کو سراہا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اس بات پر زور دیا کہ پارلیمانی روابط، عوام سے عوام کے روابطوں، علم کے تبادلہ اور جدید شعبوں میں تعاون پاکستان اور بیلاروس کے تعلقات کو مزید وسیع اور گہرا کر سکتا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط اور باہمی مفاہمت میں بدلنے میں مدد ملے گی۔








