چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا پشاور میں نجی سکول کی چھت گرنے سے بچوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا پشاور میں نجی سکول کی چھت گرنے سے بچوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی سکول کی چھت گرنے سے متعدد بچوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے جاں بحق بچوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کی ہلاکت کا المناک واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس سانحے پر سوگوار خاندانوں کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حادثے میں زخمی ہونے والے بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایسے افسوسناک حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ناگزیر ہیں ، متعلقہ ادارے تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اختیار کریں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے جاں بحق بچوں کی مغفرت، لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔








