چیئرمین سینیٹ سے طارق فضل چوہدری کی ملاقات، پارلیمانی امور اور قانون سازی پر تبادلہ خیال

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پارلیمانی امور، قانون سازی کے عمل اور ایوانِ بالا اور وزارتِ پارلیمانی امور کے درمیان مؤثر رابطہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پارلیمانی امور، قانون سازی کے عمل اور ایوانِ بالا اور وزارتِ پارلیمانی امور کے درمیان مؤثر رابطہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی اداروں کے مؤثر کردار اور جمہوری عمل کے استحکام کے لئے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمان اور حکومت کے درمیان مؤثر رابطہ قانون سازی کے عمل کو بہتر بنانے اور عوامی اہمیت کے معاملات پر بروقت پیشرفت کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے پارلیمانی امور کی انجام دہی میں تعاون اور معاونت کو مزید مؤثر بنانے کی اہمیت اجاگر کی۔وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے چیئرمین سینیٹ کو وزارت کی جانب سے پارلیمانی امور سے متعلق معاملات میں مکمل تعاون اور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایوانِ بالا اور وزارت کے درمیان قریبی اور مؤثر رابطے کے ذریعے قانون سازی اور دیگر پارلیمانی امور کو خوش اسلوبی سے آگے بڑھایا جائے گا جبکہ پارلیمان کے وقار اور مؤثر کارکردگی کو مزید تقویت دینے کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔