چیئرمین سینیٹ کی اسلام آباد میں تنزانیہ کے مستقل سفارتی مشن کے قیام، تجارت اور پارلیمانی تعاون کے فروغ کی تجویز

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے تنزانیہ کی قومی اسمبلی کے اسپیکر موسیٰ اذان زونگو سے ملاقات کے دوران پاکستان اور تنزانیہ کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے سفارتی روابط، تجارت، ٹیکنالوجی اور پارلیمانی تعاون کے شعبوں میں ٹھوس اقدامات کی تجویز دی۔

اروشا، تنزانیہ ۔7اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے تنزانیہ کی قومی اسمبلی کے اسپیکر موسیٰ اذان زونگو سے ملاقات کے دوران پاکستان اور تنزانیہ کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے سفارتی روابط، تجارت، ٹیکنالوجی اور پارلیمانی تعاون کے شعبوں میں ٹھوس اقدامات کی تجویز دی۔ یہ ملاقات اروشا میں 153ویں بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) اسمبلی کے موقع پر ہوئی۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے اسلام آباد میں تنزانیہ کے مستقل سفارتی مشن کے قیام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مستقل سفارتی موجودگی سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ روابط مزید مضبوط ہوں گے، جبکہ ویزا سہولیات، کاروباری سفر، سیاحت اور عوامی سطح پر رابطوں کو بھی فروغ ملے گا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور تنزانیہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی بندرگاہوں، کاروباری برادری اور ایوان ہائے صنعت و تجارت کے درمیان روابط مضبوط بنانے کی تجویز دی۔ انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل جدت، زراعت، تعلیم اور فنی و پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ میں تعاون کے وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ نجی شعبے کی شمولیت کے ذریعے پاکستان اور تنزانیہ کے باہمی تعلقات کو عملی اور نتیجہ خیز اقتصادی تعاون میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کو فعال اور مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا اور باقاعدہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سمیت سینیٹ پاکستان اور تنزانیہ کی قومی اسمبلی کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے تعلیم کے شعبے میں بھی تعاون بڑھانے، بالخصوص تنزانیہ کے طلبہ کے لیے وظائف اور تعلیمی تبادلوں کو فروغ دینے کی حمایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے نوجوانوں اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانا باہمی تعلقات کے دیرپا فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

چیئرمین سینیٹ نے تنزانیہ کی قومی اسمبلی کے اسپیکر موسیٰ عزان زونگو کو 153ویں آئی پی یو اسمبلی کی کامیاب میزبانی پر مبارکباد دی اور دنیا بھر سے پارلیمنٹیرینز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے، مکالمے، پارلیمانی سفارت کاری اور عالمی تعاون کے فروغ میں تنزانیہ کے کردار کو سراہا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان تنزانیہ اور وسیع تر افریقی خطے کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان اور تنزانیہ کے تعلقات کے آئندہ مرحلے کی بنیاد تجارت، ٹیکنالوجی، پارلیمانی سفارت کاری اور عوامی سطح پر مضبوط روابط کے فروغ پر ہونی چاہیے ۔