چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ پراجیکٹ کا تفصیلی فیلڈ معائنہ کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اسلام آباد کے سیکٹر E-12 میں جاری ترقیاتی کاموں اور بڑے پیمانے پر جاری انسدادِ تجاوزات آپریشن کا بھی معائنہ کیا اور اہم انفراسٹرکچر و ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
چیئرمین سی ڈی اے کا اسلام آباد ایکسپریس وے ایسٹ پراجیکٹ تفصیلی فیلڈ معائنہ ، سیکٹر E-12 کا دورہ اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ پراجیکٹ کا تفصیلی فیلڈ معائنہ کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اسلام آباد کے سیکٹر E-12 میں جاری ترقیاتی کاموں اور بڑے پیمانے پر جاری انسدادِ تجاوزات آپریشن کا بھی معائنہ کیا اور اہم انفراسٹرکچر و ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ہفتہ کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈایسٹ پراجیکٹ کے دورے کے دوران چیئرمین نے جاری ترقیاتی، بحالی اور انفراسٹرکچر کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور مختلف مقامات پر تعمیراتی سرگرمیوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
چیئرمین کو متعلقہ افسران اور پراجیکٹ ٹیموں کی جانب سے منصوبے پر عملدرآمد، تعمیراتی پیش رفت، سائٹ کی صورتحال اور کام کی رفتار کو متاثر کرنے والی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔چیئرمین کو اسلام آبادایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ کے اطراف غیر قانونی، غیر مجاز اور نان کنفارمنگ عمارتوں اور تعمیراتی یونٹس کے خلاف جاری انفورسمنٹ آپریشن کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ یہ کارروائی بلڈنگ کنٹرول سیکشن اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کے تعاون سے کی جا رہی ہے۔اس موقع پر ممبر اسٹیٹ، ممبر پلاننگ، ڈائریکٹر جنرل ورکس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)، اسسٹنٹ کمشنر، پراجیکٹ ڈائریکٹرز، کنسلٹنٹس اور دیگر متعلقہ سی ڈی اے و ضلعی انتظامیہ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
بریفنگ کے مطابق سی ڈی اے نے اب تک متعلقہ بلڈنگ کنٹرول ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے 58تعمیراتی یونٹس کے خلاف کارروائی کی ہے۔ ان میں سوہان تا اقبال ٹاؤن کے حصے میں 34 تعمیراتی یونٹس جبکہ کورنگ پل تا کورنگ پولیس اسٹیشن اور گلبرگ گرینز کے حصے میں 24 تعمیراتی یونٹس شامل ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ مزید غیر قانونی اور غیر مجاز تعمیراتی یونٹس کی بھی نشاندہی کر لی گئی ہے جن کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جبکہ باقی علاقوں میں خلاف ورزیوں کے سروے اور نشاندہی کا عمل بھی جاری ہے۔
چیئرمین کو مزید بتایا گیا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ کے ساتھ متعدد کمرشل عمارتیں بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی، نان کنفارمنگ استعمال اور لازمی فائر سیفٹی انتظامات کی عدم دستیابی کی مرتکب پائی گئیں۔متعلقہ مالکان اور قابضین کو نوٹسز جاری کیے گئے تھے، جن کے ذریعے انہیں قانونی تقاضے پورے کرنے، غیر مجاز استعمال ختم کرنے، لازمی فائر سیفٹی انتظامات مکمل کرنے، ضروری منظوری حاصل کرنے اور قابلِ اطلاق سرکاری واجبات ادا کرنے کا موقع دیا گیا تھا تاہم مقررہ مدت گزرنے کے باوجود متعدد مالکان قانونی تقاضے پورے کرنے، نشاندہی کی گئی خلاف ورزیوں کو دور کرنے یا قابلِ اطلاق سرکاری واجبات ادا کرنے میں ناکام رہے۔
چنانچہ سی ڈی اے نے قانون اور مقررہ قانونی طریقہ کار کے مطابق انفورسمنٹ کارروائی شروع کی۔چیئرمین کو بتایا گیا کہ غیر مجاز تعمیرات کے خاتمے، نان کنفارمنگ تعمیرات کے خلاف کارروائی اور ریگولیٹری رکاوٹوں کے خاتمے سے منصوبے کی رفتار کو متاثر کرنے والی اہم رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد ملی ہے۔چیئرمین نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ قریبی رابطہ کاری برقرار رکھی جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی انتظامی، قانونی یا فیلڈ سے متعلق مسئلہ منصوبے پرعملدرآمد میں غیر ضروری تاخیر کا سبب نہ بنے۔ فائر سیفٹی اور عوامی تحفظ پر خصوصی زور دیا گیا۔ چیئرمین نے متعلقہ شعبوں کو لازمی فائر سیفٹی تقاضوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی، جن میں منظور شدہ بلڈنگ پلانز، ہنگامی اخراج کے راستے، فائر سیفٹی آلات اور دیگر ضروری حفاظتی انتظامات شامل ہیں۔
انہوں نے تعمیراتی مدت کے دوران مؤثر ٹریفک مینجمنٹ اور حفاظتی انتظامات برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی تاکہ شہریوں اور مسافروں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔اسلام آباد ایکسپریس وے ایسٹ پراجیکٹ کے معائنے کے بعد چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد کے سیکٹر E-12 کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی اور انفراسٹرکچر کے کاموں کا معائنہ کیا اور سیکٹر کی ترقی کو تیز کرنے اور رہائشیوں و الاٹیز کو بہتر انفراسٹرکچر اور شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے جاری مختلف منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔چیئرمین کو متعلقہ افسران اور پراجیکٹ ٹیموں کی جانب سے ترقیاتی کاموں کی صورتحال، بشمول سڑکوں کے انفراسٹرکچر، نکاسی آب، متعلقہ میونسپل سہولیات اور دیگر جاری کاموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین نے مختلف مقامات پر ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور کام کی رفتار، سائٹ کی صورتحال اور تکنیکی، انتظامی اور سائٹ سے متعلق مسائل کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ شعبوں کو سیکٹر E-12 میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے، دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال اور منظور شدہ ڈیزائنز، معیار اور منصوبے کی مقررہ مدت پرسختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے زور دیا کہ تمام ترقیاتی سرگرمیاں مربوط انداز میں انجام دی جائیں تاکہ رہائشی اور الاٹیز جلد از جلد بہتر انفراسٹرکچر اور شہری سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔چیئرمین نے متعلقہ افسران کو ترقیاتی سرگرمیوں کو متاثر کرنے والی تمام باقی رکاوٹوں کی نشاندہی اور انہیں دور کرنے کے ساتھ ساتھ باقاعدگی سے فیلڈ مانیٹرنگ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ کام کی پیش رفت بلا تعطل جاری رہے۔
سیکٹر E-12 کے حوالے سے بریفنگ کے دوران چیئرمین کو بتایا گیا کہ جاری انسدادِ تجاوزات آپریشن کے تحت سی ڈی اے نے غیر قانونی قابضین اور تجاوزات کرنے والوں سے تقریباً 290 کنال قیمتی سی ڈی اے اراضی واگزار کرا لی ہے۔چیئرمین نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ واگزار کرائی گئی 290 کنال سی ڈی اے اراضی کو دوبارہ تجاوزات سے مکمل طور پر محفوظ بنایا جائے اور اسے منظور شدہ منصوبوں، متعلقہ قوانین و ضوابط اور سیکٹر E-12 کی ترقیاتی ضروریات کے مطابق ہی استعمال کیا جائے۔انہوں نے زور دیا کہ سی ڈی اے کی اراضی کا تحفظ اور مزید تجاوزات کی روک تھام ترجیحی بنیادوں پر جاری رہنی چاہیے تاکہ واگزار کرائی گئی اراضی کو منظور شدہ پلاننگ فریم ورک کے مطابق منصوبہ بندی اور عوامی انفراسٹرکچر کے لیے استعمال کیا جا سکے۔
چیئرمین نے کہا کہ سیکٹر E-12 کی ترقی اسلام آباد کے منصوبہ بند شہری انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے لیے سی ڈی اے کی کوششوں کا ایک اہم حصہ ہے۔ انہوں نے متعلقہ شعبوں کو جدید رہائشی سیکٹر کی ضروریات کے مطابق سڑکوں، نکاسی آب، اسٹریٹ انفراسٹرکچر اور متعلقہ میونسپل سہولیات کی مربوط ترقی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔شہریوں نے اسلام آباد ایکسپریس وے ایسٹ پراجیکٹ اور سیکٹر E-12 دونوں میں جاری ترقیاتی کاموں کے چیئرمین سی ڈی اے کی جانب سے ذاتی دورے اور موقع پر معائنے کو سراہا۔انہوں نے بالخصوص غیر قانونی تجاوزات اور غیر مجاز تعمیرات کے خلاف سی ڈی اے کی کارروائی اور سیکٹر E-12 میں تقریباً 290 کنال قیمتی سی ڈی اے اراضی کی واگزاری کو سراہتے ہوئے اسے سرکاری اراضی کے تحفظ اور منصوبہ بند ترقی کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا۔
چیرمین سی ڈی اے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، سی ڈی اے کی اراضی کا تحفظ اور واگزاری، بلڈنگ ریگولیشنز کا سخت نفاذ، معیاری تعمیرات، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور جدید انفراسٹرکچر سہولیات کی فراہمی سی ڈی اے کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔سی ڈی اے نے جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، انفراسٹرکچر کی بہتری، سرکاری اراضی کے تحفظ اور اسلام آباد کی مسلسل خوبصورتی وماحولیاتی بہتری کے عزم کا اعادہ کیا۔
اتھارٹی ایک مربوط ترقیاتی حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے جس کا مقصد وفاقی دارالحکومت کو ایک جدید، منظم، کاروبار دوست، ماحول دوست اور سیاحت دوست شہر بنانا ہے، جہاں کاروبار، سرمایہ کاری،سیاحت اور شہریوں کے لیے پرکشش اور سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے، جبکہ پاکستان کے وفاقی دارالحکومت کی حیثیت سے اسلام آباد کی منفرد قدرتی خوبصورتی اور تشخص کو بھی برقرار رکھنے کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔







