چیلنج گروپ کی سرمایہ کاری سے آئندہ 3 سالوں میں روزگار کے20 ہزار مواقع پیدا ہوں گے، چوہدری شافع حسین

لاہور۔10مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے چین کے چیلنج اپیرل گروپ کے زیر اہتمام سپیشل اکنامک زون کا دورہ کیا۔جہاں چین کے آئی بی آئی گروپ اور چیلنج گروپ میں اشتراک، پنجاب میں سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے حوالے سے معاہدے پر دستخط ہوئے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور آئی بی آئی گروپ کی ڈائریکٹر میڈم لیو نے معاہدے …

لاہور۔10مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے چین کے چیلنج اپیرل گروپ کے زیر اہتمام سپیشل اکنامک زون کا دورہ کیا۔جہاں چین کے آئی بی آئی گروپ اور چیلنج گروپ میں اشتراک، پنجاب میں سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے حوالے سے معاہدے پر دستخط ہوئے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور آئی بی آئی گروپ کی ڈائریکٹر میڈم لیو نے معاہدے پر دستخط کئے،چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی،سیکرٹری صنعت و تجارت عمر مسعود ،چئیرمین چیلنج گروپ مسٹر ہوآنگ،چیف لیسکو رمضان بٹ اور چین کے سرمایہ کاروں نے تقریب میں شرکت کی۔

ڈی جی پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر سہیل احمد اور ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی بھی تقریب میں موجود تھے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیلنج گروپ ٹیکسٹائل انڈسٹری اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے رول ماڈل ہے،چین کے اس گروپ نے پنجاب میں لاکھوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

چیلنج گروپ ٹیکسٹائل سیکٹر کے مزید کارخانے بھی لگا رہا ہے اور اس گروپ کی مزید سرمایہ کاری سے آئندہ 3 سالوں میں مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے20 ہزار مواقع پیدا ہوں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ چین کا ایک اور بڑا گروپ آئی بی آئی پنجاب میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔انہوں نے بتایا کہ قائد اعظم بزنس بزنس پارک شیخوپورہ میں230 ایکڑ رقبے پر گارمنٹ سٹی بنایا گیا ہے۔

آئی بی آئی گروپ گارمنٹ سٹی میں ٹیکسٹائل انڈسٹری لگا سکتا ہے۔پنجاب حکومت اور چین کا آئی بی آئی گروپ جدید زراعت کے فروغ کیلئے ملکر کام کرسکتے ہیں۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔فیڈمک کے زیر اہتمام انڈسٹریل اسٹیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے کمیونٹی سینٹر بنا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب میں پہلی بار چپ فریم اور وی وو موبائل فون کی مینوفیکچرنگ شروع ہونے جا رہی ہے،پنجاب میں مختلف شعبوں کے ایسمبلنگ پلانٹ موجود ہیں،تاہم ہم چاہتے ہیں کہ یہاں مینوفیکچرنگ کے کارخانے بھی لگیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات دے رہے ہیں۔وزیر اعلی پنجاب نے چین کے ایک گروپ سے الیکٹرک بسیں منگوائی ہیں اور پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں چین کے مختلف گروہوں نے ای وی سیکٹر میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے،پنجاب میں سرمایہ کاری کا فروغ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی پاکستان اور پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ ایران امریکہ جنگ کے باعث پیٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں مجبورا اضافہ کرنا پڑا ہے تاہم جنگ کی صورتحال میں بہتری آنے پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔

 

مزید خبریں