چینی صدر کی تبت میں زلزلے کے بعد بھرپور امدادی کارروائیاں کرنے کی ہدایت

چین کے صدر شی جن پنگ نے جنوب مغربی چین کے خودمختار علاقے تبت (شیزانگ) میں 7 شدت کے زلزلے کے بعد لاپتا افراد کی تلاش اور امداد کے لیے بھرپور کارروائیاں کرنے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ زلزلے کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 65 زخمی ہو گئے۔چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق صدر شی جن پنگ نے متعلقہ حکام …

بیجنگ ۔23اکتوبر (اے پی پی):چین کے صدر شی جن پنگ نے جنوب مغربی چین کے خودمختار علاقے تبت (شیزانگ) میں 7 شدت کے زلزلے کے بعد لاپتا افراد کی تلاش اور امداد کے لیے بھرپور کارروائیاں کرنے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ زلزلے کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 65 زخمی ہو گئے۔چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق صدر شی جن پنگ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جانی نقصان کم سے کم رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

زلزلہ جمعرات کی رات 10 بج کر 33 منٹ پر تبت کے شہر ناگچو کی باقین کاؤنٹی میں آیا۔صدر شی جن پنگ، جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین بھی ہیں، نے کہا کہ متاثرہ علاقے میں بلندی زیادہ اور درجہ حرارت کم ہے، اس لیے زلزلے کے بعد ممکنہ آفٹر شاکس اور موسمی حالات پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ مزید آفات سے بچا جا سکے۔

انہوں نے متاثرہ افراد کے لیے مناسب رہائش کا انتظام کرنے، تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی جلد بحالی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے بھی آفات سے بچاؤ اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔رپورٹ کے مطابق وزارت برائے ہنگامی انتظام اور تبت کے متعلقہ حکام نے زلزلہ متاثرین کی تلاش، امداد اور بحالی کے لیے وسائل متحرک کر دیے ہیں۔