چین کو کی جانے والی قومی برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران 44.41 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے،ٹی ڈی اے پی

چین کو کی جانے والی قومی برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران 44.41 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):چین کو کی جانے والی قومی برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران 44.41 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے اعدادو شمار کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی دو مہینوں میں جولائی اور اگست 2026 کے دوران چین کو کی جانے والی قومی برآمدات کا حجم 478 ملین ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی، اگست 2025 کے عرصہ میں چین کو 331 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔ اس طرح گزشتہ مالی سال 2025-26 کے پہلے دو ماہ کے مقابلہ میں جاری مالی سال 2026-27 کے ابتدائی دو مہینوں میں چین کو کی جانے والی ملکی برآمدات میں 147 ملین ڈالر یعنی 44 فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ٹی ڈی اے پی کے مطابق رواں مالی سال میں امریکا کو کی جانے والی برآمدات میں 10.46 فیصد کی بڑھوتری ہوئی اور برآمدات کی مالیت 1.061 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 0.111 ارب ڈالر کے اضافہ سے 1.172 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں۔ اعدادو شمار کے مطابق رواں مالی سال امریکا کے بعد چین پاکستانی مصنوعات کا دوسرا بڑا درآمد کنندہ ملک بن چکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے پہلے دو مہینوں میں سپین کو کی جانے والی ملکی برآمدات میں 22 فیصد کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے اور سپین کو کی جانے والی برآمدات سے 374 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا ہے۔ ٹی ڈی اے پی کے اعدادو شمار کے مطابق جرمنی کو کی جانے والی برآمدات 3 فیصد کی بڑھوتری سے 291 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اسی طرح ہالینڈ کو کی جانے والی قومی برآمدات میں بھی 7 فیصد کا اضافہ ہوا اور برآمدات کی مالیت 283 ملین ڈالر جبکہ متحدہ عرب امارات کو کی جانے والی برآمدات 2 فیصد کے اضافہ سے 282 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال میں فلپائن کو کی جانے والی ملکی برآمدات میں 602 فیصد کا اضافہ ہوا اور برآمدات کی مالیت 108 ملین ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ سنگاپور کو کی جانے والی برآمدات 204 فیصد کی بڑھوتری کے بعد 75 ملین ڈالر اور ملائیشیا کو کی جانے والی ملکی برآمدات میں 99 فیصد کے اضافہ سے 74 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ ٹی ڈی اے پی کے مطابق جاپان کو کی جانے والی برآمدات 26 فیصد کے اضافہ سے 36 ملین ڈالر اور برازیل کو کی جانے والی برآمدات میں 41 فیصد اضافہ ہوا اور برآمدات کی مالیت 33 ملین ڈالر تک بڑھ گئی۔ مزید برآں یورپی یونین کو کی جانے والی ملکی برآمدات 4 فیصد کے اضافہ سے 2.06 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں۔

مزید خبریں