چین کے ساتھ تجارتی تعاون میں وسعت سے پاکستانی برآمدات کے لیے نئی راہیں کھلیں گی، میاں کاشف اشفاق
چین کے ساتھ تجارتی تعاون میں وسعت سے پاکستانی برآمدات کے لیے نئی راہیں کھلیں گی، میاں کاشف اشفاق

مزید خبریں
لاہور۔31مئی (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں محمد کاشف اشفاق (تمغہ امتیاز) نے کہا ہے کہ سینیٹری اینڈ فائٹو سینیٹری(SPS) اور ٹیکنیکل بیریئرز ٹو ٹریڈ (TBT) پروٹوکولز پر دستخط پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے چینی منڈی تک موثر رسائی حاصل کرنے میں اہم پیش رفت ہیں۔
اتوار کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خنجراب پر گرین چینل کے قیام اور چینی سرکاری اداروں و پاکستانی برآمد کنندگان کے درمیان طویل المدتی خریداری معاہدوں کی تجاویز تجارتی سہولت،لاجسٹک رکاوٹوں کے خاتمے اور سپلائی چین کے استحکام میں مددگار ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ ترجیحی تجارتی رسائی سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے پاکستان کو صنعتی استعداد، پیداواری صلاحیت اور برآمدی مسابقت میں مزید بہتری لانا ہوگی۔
میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ موثر حکمت عملی کے ذریعے پاک چین اقتصادی تعاون نہ صرف برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارے میں کمی کا باعث بنے گا بلکہ نئی صنعتی اور سرمایہ کاری کے مواقع بھی پیدا کرے گا۔انہوں نے مشرقِ وسطی کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں نئی برآمدی منڈیوں اور صنعتی تعاون کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے حالیہ دور ہ چین سے دونوں ممالک کے تعلقات کو تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مرحلے میں داخل کرنے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔








