چین کے صوبے ہنان کے شہر لاڈی اور گجرات کےدرمیان سسٹرسٹی اور باہمی معاشی تعاون کا معاہدہ طے پاگیا۔پیسک ہائوس میں منعقدہ تقریب میں وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین اور ڈپٹی میئر یانگ وائے نے معاہدے پر دستخط کئے
چین کے شہر لاڈی اور گجرات کے درمیان باہمی معاشی تعاون کا معاہدہ طے پاگیا

مزید خبریں
لاہور۔22جولائی (اے پی پی):چین کے صوبے ہنان کے شہر لاڈی اور گجرات کےدرمیان سسٹرسٹی اور باہمی معاشی تعاون کا معاہدہ طے پاگیا۔پیسک ہائوس میں منعقدہ تقریب میں وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین اور ڈپٹی میئر یانگ وائے نے معاہدے پر دستخط کئے۔ تقریب میں چائنیز قونصل جنرل سن یان، لاڈی سٹی کے اعلی سطح کے حکومتی وفد، سیکرٹری انڈسٹریز عمر مسعود، سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ معاہدے کے تحت دونوں شہروں کے درمیان زراعت، معیشت، تجارت، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی،کلچر، زراعت، تعلیم، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔ مشترکہ ورکنگ ریلیشن شپ گروپ بنایا جائے گا۔ باہمی معاشی تعاون کے فروغ کے لئے دونوں جانب کے متعلقہ ادارے مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ لاڈی پیپلز ایسوسی ایشن فار فرینڈ شپ تجارت کے فروغ کےلئے دونوں جانب سے رابطے کا کام کرے گی۔ دونوں جانب سے مناسب وقت پر وفود کے باہمی تبادلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے معاشی تعاون کے معاہدے پر مبارکباد دی اور چینی کمپنیوں کی پنجاب میں سرمایہ کاری، سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع اور دستیاب سہولیات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلی مریم نوازکے ویژن کے مطابق پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول یقینی بنایا گیا ہے۔
وزیر اعلی کی قیادت میں حکومت نے صوبے میں صنعت کاری کے عمل کو تیز کیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ گزشتہ سال میں نے لاڈی کے دورے کے دوران زرعی مشینری کے کارخانے سمیت دیگر فیکٹریوں کا مشاہدہ کیا۔ میری دعوت پر چین کا اعلی سطح کا سرکاری وفد پنجاب آیا ہے۔ معاہدے پر عملدرآمد سے گجرات میں نئی سرمایہ کاری آئے گی جس سے مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا۔گجرات اور لاڈی سٹی ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرکے آگے بڑھیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اور معاشی تعاون ہر گزرتے لمحے بڑھ رہا ہے، اس معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون مزید بڑھے گا۔ چائنیز قونصل جنرل سن یان نے کہاکہ چین اور پاکستان کےدرمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہوچکے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون، دوستی اور اعتماد کا مضبوط رشتہ قائم ہے۔ لاڈی سٹی اور گجرات کے درمیان سسٹرسٹی کا معاہدہ باہمی تعاون کے حوالے سے سنگ میل ثابت ہوگا۔ ڈپٹی میئر یانگ وائے نے کہاکہ لاڈی سٹی اور گجرات کے درمیان معاہدہ آغاز ہے،گجرات کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون بڑھائیں گے۔ہم وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین کی دعوت پر یہاں موجود ہیں اور یہ تاریخی لمحات ہیں۔ ڈپٹی میئر نے صوبائی وزیر کو ستمبر میں لاڈی سٹی میں ہونے والی سرکاری تقریبات میں شرکت کی دعوت دی۔ پیڈمک کی ٹیم نے چین کے اعلی سطح کے سرکاری ونجی شعبہ سے وابستہ وفد کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے بریفنگ دی۔








