ڈائریکٹر جنرل زرعی تحقیق بلوچستان کا زرعی ریسرچ فارم ژوب کا دورہ

ڈائریکٹر جنرل زرعی تحقیق بلوچستان ڈاکٹر قاسم کاکڑ نے زرعی ریسرچ فارم ژوب کا دورہ کیا،

کوئٹہ۔ 08 جون (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل زرعی تحقیق بلوچستان ڈاکٹر قاسم کاکڑ نے زرعی ریسرچ فارم ژوب کا دورہ کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر مقبول احمد شاہوانی، ڈاکٹر عبدالحلیم، ریسرچ آفیسر محمد اکرم، عطاءالرحمان، عبدالشکور اور دیگر زرعی ماہرین نے ان کا پرتپاک استقبال کرکے انہیں فارم میں جاری تحقیقی، ترقیاتی اور توسیعی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔زرعی ماہرین نے ڈائریکٹر جنرل کو گندم کی نئی اور بہتر پیداواری اقسام، وائرس فری آلو، سویا بین، مونگ پھلی، کپاس اور دیگر اہم فصلات پر جاری تحقیقی منصوبوں سے آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں، ژوب اور شیرانی کے موسمی حالات سے مطابقت رکھنے والے مختلف پھلدار پودوں کی کامیاب کاشت، ان کی پیداواریت اور مقامی زراعت پر مثبت اثرات کے حوالے سے بھی تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔

ڈی جی ڈاکٹر قاسم کاکڑ نے فارم میں جاری تحقیقی سرگرمیوں، جدید فصلات کے تجربات اور پھلدار پودوں کی کامیاب آزمائشوں کو سراہتے ہوئے زرعی ماہرین اور تحقیقاتی عملے کی پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید زرعی تحقیق، جدت پر مبنی ٹیکنالوجیز اور سائنسی طریقۂ کاشت کے فروغ سے زرعی پیداوار میں اضافہ، کسانوں کی معاشی حالت میں بہتری اور صوبے میں زرعی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحقیقی نتائج اور جدید زرعی سفارشات کو مؤثر انداز میں کاشتکاروں تک منتقل کرکے بلوچستان میں پائیدار، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ اور منافع بخش زراعت کے فروغ کو مزید تقویت دی جائے گی۔