ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے سیکٹر ایف-14 اور ایف-15 کے ترقیاتی منصوبے کا دورہ کرتے ہوئے کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور مقررہ مدت میں معیاری تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی
ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کا سیکٹر ایف-14 اور ایف-15 کے ترقیاتی منصوبے کا دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے سیکٹر ایف-14 اور ایف-15 کے ترقیاتی منصوبے کا دورہ کرتے ہوئے کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور مقررہ مدت میں معیاری تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ڈائریکٹر جنرل کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے منگل کو سیکٹر ایف-14 اور ایف-15 کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں نیشنل لاجسٹکس سیل (این ایل سی) اور ہاؤسنگ اتھارٹی کے سینئر افسران نے ان کا استقبال کیا۔دورے کے دوران ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر این ایل سی اسرار الحق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت منصوبے پر 147 افراد کام کر رہے ہیں جبکہ مون سون سے قبل نالوں کے کلورٹس کی تعمیر و مرمت مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ قدرتی نالوں کو متاثر کیے بغیر ڈیزائن تیار کیا جا رہا ہے تاکہ بارش اور سیوریج کے پانی کے بہاؤ میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام گلیوں کے لیے علیحدہ ڈرینج سسٹم جبکہ بارش کے پانی کے لیے الگ رین ڈرین بنایا جا رہا ہے اور عالمی معیار کے مطابق حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
روڈ انفراسٹرکچر کے حوالے سے تقریباً 1200 کنال رقبے پر ترقیاتی کام جاری ہے جبکہ سڑکوں کی چوڑائی 105 فٹ رکھی گئی ہے۔ سیکٹر ایف-14 اور ایف-15 کے درمیان مرکزی سڑک پر ارتھ ورک کا 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور اسے جون کے وسط تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر ہے، جبکہ مجموعی مین روڈ کا تقریباً 65 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جسے 30 جون تک پایہ تکمیل تک پہنچانے کی توقع ہے۔مزید بتایا گیا کہ سیکٹر ایف-14/1 اور ایف-14/2 میں ترقیاتی کام کا آغاز جلد کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر لینڈ کے مطابق بی یو پیز کے حوالے سے کوئی بڑا مسئلہ درپیش نہیں، معمولی نوعیت کے کیسز پر کام جاری ہے اور ادائیگیاں جلد مکمل کر لی جائیں گی، جس سے ترقیاتی کام میں مزید تیزی آئے گی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ظفر اقبال نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں پر کام کی رفتار بڑھائی جائے اور 15 مئی 2026 سے قبل 2000 کنال اراضی دستیاب بنائی جائے۔ انہوں نے سختی سے تاکید کی کہ منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق ہفتہ وار رپورٹس باقاعدگی سے جمع کروائی جائیں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی پر کارروائی کی جائے گی۔ڈائریکٹر جنرل نے این ایل سی اور ہاؤسنگ اتھارٹی کے افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی سرکاری ملازمین کو بہتر رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔








