ڈپٹی آڈیٹر جنرل پاکستان ڈاکٹر تفاخر کو انٹرنیشنل اینٹی کرپشن اکیڈمی کا بیرونی آڈیٹر مقرر کر دیا گیا

پاکستان کے ڈپٹی آڈیٹر جنرل ڈاکٹر تفاخر علی اسدی کو 2028 سے 2030 تک کی تین سالہ مدت کے لیے انٹرنیشنل اینٹی کرپشن اکیڈمی (آئی اے سی اے)کا بیرونی آڈیٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):پاکستان کے ڈپٹی آڈیٹر جنرل ڈاکٹر تفاخر علی اسدی کو 2028 سے 2030 تک کی تین سالہ مدت کے لیے انٹرنیشنل اینٹی کرپشن اکیڈمی (آئی اے سی اے)کا بیرونی آڈیٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔

ہفتہ کو اکیڈمی کے ڈین اور ایگزیکٹو سیکرٹری ڈراگو کوس کی جانب سے جاری آرڈر کے مطابق یہ تقرری اکیڈمی کے بورڈ آف گورنرز کے فیصلے کے بعد عمل میں آئی ہے اور اس تقرری کا اطلاق 2027 سے 2029 کے آڈٹ سالوں پر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اکیڈمی کے مالی معاملات شفافیت، احتساب اور قانونی حیثیت کے اعلیٰ ترین معیارات کے مطابق سالانہ آزادانہ آڈٹ کے تابع ہوں گے۔

مزید برآں یہ آڈٹ اکیڈمی کے بانی معاہدہ اور متعلقہ قراردادوں، مالیاتی ضوابط اور آزاد بیرونی آڈیٹرز کے لیے طریقہ کار کے قواعد کے تحت قائم کردہ فریم ورک کے مطابق کیا جائے گا۔آئی اے سی اے کا سیکرٹریٹ آڈٹ کے عمل کو آسان بنانے کے لیے ڈاکٹر اسدی کو مزید طریقہ کار اور انتظامات سے آگاہ کرے گا۔واضح رہے کہ ڈاکٹر تفخر علی اسدی اس وقت آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے دفتر میں فیلڈ آڈٹ آپریشنز کے شعبے میں بطور ڈپٹی آڈیٹر جنرل خدمات انجام دے رہے ہیں۔